• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیولیئرز اور وائز نے لاہور قلندرز کو فتح دلادی

پاکستان سپر لیگ کے دسویں میچ میں لاہور قلندرز نے ڈیولیئرز اور ڈیوڈ وائز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دے  دی۔

ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو جیت کے لئے 201 رنز کا ہدف دیا جو  قلندرز نے ڈیولیئر اور ویس کے درمیان 98 رنز کی ناقابل شکست شراکت کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

لاہور قلندرز نے 204 رنز بنائے جو پی ایس ایل کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔

ڈیولیئرز نے 29 گیندوں پر تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 52 رنز بنائے جبکہ وائز 5 چھکوں کے ساتھ 20 گیندوں پر 45 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے اوپنرز فخرزمان اور سہیل اختر نے 35رنز کا آغاز دیا، سہیل اختر دس رنز بناکر فخرزمان کا ساتھ چھوڑ گئے۔

فخرزمان اور سلمان بٹ نے اننگز آگے بڑھائی اور دوسری وکٹ کی شراکت میں قیمتی 66 رنز بناکر اسکور 101 تک پہنچادیا۔

فخرزمان 35 گیندوں پر 63 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل جنید خان کا شکار بنے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔

اسی اوور میں جنید خان نے سلمان بٹ کو بھی پویلین کی راہ دکھادی، وہ 17 رنز ہی بناسکے۔

نئے بیٹسمین آغا سلمان زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 2 رنز بناکر جنید خان کی گیند پر وکٹ کیپر عمر صدیق کو کیچ دے دیا۔

اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ میچ لاہور قلندرز کے ہاتھ سے نکل گیا ہے لیکن جارح مزاج بیٹسمین ڈیولیئرز اور وائز نے ملتان سلطان کے کسی بھی بولر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے برق رفتاری سے رنز بنائے اور صرف 45 گیندوں پر 98 رنز جوڑے۔

وائز نے آخری بال پر چھکا لگا کر نہ صرف ٹیم کو فتح دلائی بلکہ مجموعی اسکور 204 رنز پر پہنچا کر پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بھی بنا دیا۔

ڈیولیئرز کو شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

جنید خان 39 رنز کے عوض تین وکٹیں لے کر ملتان سلطانز کے سب سے کامیاب بولر رہے۔


ملتان سلطانز کا لاہور قلندرز کو ہدف

ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو جیت کے لئے 201 رنز کا ہدف دیا۔

اوپنرز کی شاندار پرفارمنس کے باعث ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 200 رنز بنائے، پی ایس ایل کی تاریخ میں چھٹا موقع ہے جب کسی ٹیم 200 رنز بنائے ہیں۔

لاہور قلندرز کے خلاف ملتان سلطانز کے اوپنرز عمر صدیق اور جیمس ونس نے پراعتماد آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 135 رنز بنائے۔

جیمس ونس 41 گیندوں پر 84رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، اُن کی اننگز میں 6 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔

نئے آنے والے بیٹسمین شعیب ملک لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 10رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اگلے ہی اوور میں اوپنر عمر صدیق شاہین شاہ آفریدی نے 53رنز پر آؤٹ کردیا، آندرے رسل کو لامی چھانے نے 7 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔

یوں ملتان سلطانز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنالئے۔

لاہور قلندر کے لامی چھانے سب سے کامیاب بولر ہے، انہوں نے 46 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تازہ ترین