• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سمیع کی ہیٹ ٹرک اسلام آباد نے پشاور کو ہرا دیا

پی ایس ایل4 کے 11 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع کی شاندار ہیٹ ٹرک کے باعث یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 12 رنز سے شکست دیدی ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پشاور زلمی کو جیت کیلئے 159 رنز کاہدف دیا گیا جس کے تعاقب میں زلمی کی پوری ٹیم 19اعشاریہ 4 اوور میں 146 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی جانب سے اننگ کا آغاز کامران اکمل اور اما م الحق نے کیا اور 18 کے مجموعی اسکور پر کامران اکمل 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

ون ڈاؤن کی پوزیشن پر بیٹنگ کیلئے میلان آئے مگر وہ کوئی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے اور ایک رن بنا کر محمد موسی کا شکار بنے، زلمی کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی امام الحق تھے وہ 18 رنز اسکور کر سکے۔

زلمی کی جانب سے عمر امین 14 اور ڈاسن 21 رنز بنا سکے ، ابتدائی 5 وکٹ گر جانے کے بعد زلمی کو میچ میں واپس لانے کے لیے پولارڈ نے 22گیندوں پر 51 رنز کی دھواں دار اننگ کھیلی اور ایک اینڈ سنبھالے رکھا۔

ایک موقع پر میچ میں زلمی کی ٹیم کم بیک کرتی نظر آئی مگر اسلام آباد کے بولرز نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیرن سیمی اور وہاب ریاض کی وکٹیں حاصل کیں۔

پشاور زلمی کی آخری 3 وکٹیں 146 کے مجموعے پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے حاصل کیں ، انہوں نے پی ایس ایل 4کی پہلی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔

اسلام آباد کی جانب سے محمد سمیع اور موسی نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، جبکہ فہیم اشرف نے 2 اور پٹیل ، شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس پرمحمد سمیع الیون نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 158 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کی خاص بات این بیل کی نصف سنچری (54) کے ساتھ ڈیلپورٹ کے 29 اور رونکی کے 21 رنز تھے۔

پشاور زلمی کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز کا آغاز کیا اور کئی خوبصورت اسٹروک لگائے۔

لیوک آوٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین تھے، وہ 32 کے مجموعی اسکور پر 21 رنز بناکر سمین گل کا شکار بن گئے۔

اسلام آباد کی دوسری وکٹ47 کے اسکور پر گری، پشاور زلمی کے سمین گل نے اوپنر صاحبزادہ فرحان کو 15 کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔

پشاور زلمی کو تیسری وکٹ 49 کے اسکور پر گری، کیرون پولارڈ نے حسین طلعت کو صفر کے اسکور پر میدان سے واپس بھیج دیا۔

چوتھی وکٹ پر این بیل اور کیمرون ڈیلپورٹ نے 56 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی اور اسکور 105 رنز تک پہنچادیا۔

چوتھے آوٹ ہونے والے بیٹسمین کیمرون ڈیلپورٹ تھے جو 29 رنز بناکر حسن علی کا شکار بن گئے، انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 2 بلند و بالا چھکے اور ایک چوکا لگایا۔

پانچویں وکٹ آصف علی کی گری،وہ 13 کے انفرادی اسکور پر سمین گل کی تیسری وکٹ بن گئے، یوں اسلام آباد یونائیٹڈ کی آدھی ٹیم 120 کے مجموعی اسکور پر میدان چھوڑ گئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی چھٹی وکٹ 131رنز پر گری، آل راؤنڈ فہیم اشرف اونچا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں 2 رنز بناکر عمید آصف کو اپنی وکٹ تھما بیٹھے۔

پشاور زلمی کو 7 ویں وکٹ 143 کے اسکور پر ملی جب شاداب خان کو 6 رنز پر وہاب ریاض نے بولڈ کیا۔

اسمتھ پٹیل اسلام آباد کے آؤٹ ہونے والے 8 ویں بیٹسمین تھے،وہ 148 رنز بناکر حسن علی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

اسلام آباد کی نویں وکٹ 157 کے اسکور پر اننگز کے ٹاپ اسکورر این بیل کی صورت میں گری، وہ 54 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے، انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 6 چوکے لگائے۔


تازہ ترین