• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت للکار رہا ہے، وزیراعظم پاکستان آل پارٹیز کانفرنس بلائیں، یکجہتی کی ضرورت ہے، چوہدری لطیف اکبر

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہےکہ بھارت پلوامہ کا بہانہ بنا کر اپنی فوج کومقبوضہ وادی میں بربریت کی انتہا کرنے کی کھلی چھٹی دے کر مظلوم کشمیروں کو شہید کرا رہا ہے اور جنگی جنون میں مبتلا ہو کر پاکستان کو للکار رہا ہے وزیر اعظم پاکستان فوری طور پر آل پارٹی کانفرنس بلائیں اس وقت ملک میں یکجہتی کی ضرورت ہے۔ مسئلہ کشمیر دو ایٹمی ممالک کے درمیان سلگتی چنگاری ہے، بھارت کشمیر میں 70سال سے ظلم و ستم کی انتہا کررہا ہے، عالمی برداری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار کرے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی بریڈفورڈ کے کنونشن میں کیا ۔کنونشن کی صدارت پیپلز پارٹی بریڈفورڈ کے صدر آصف نسیم راٹھور نے کی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی طرف سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی قرارداد کی منظوری کو آج ستر سال بیت گئے‘ اس دوران بہت سا پانی پلوں کے نیچے سے بہہ گیا لاکھوں کشمیری اس قرارداد پر عمل کی امید میں اپنی آزادی کی تمنا لئے بھارتی مظالم کا نشانہ بن کر شہید ہو گئے کشمیریوں نے پرامن جدوجہد کے ذریعے بھارت کے پنجۂ استبداد سے نجات حاصل کرنے کی کوشش کی کگر بھارت ان مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد کو سفاکیت اور بربریت دبانے کیلئے کوشاں رہا ہے، کشمیریوں کی آزادی کی آواز دبانے کیلئے بھارت نے مقبوضہ وادی میں ہلاکت خیز جدید اسلحہ سے لیس سات لاکھ فوج تعینات کررکھی ہے وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اب جاگ جائے اور بھارت کو کشمیریوں پر ظلم سے روکے اقوام متحدہ کی قرار دادوںپر عمل کراتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلائے۔ کنونشن سے شیڈو وزیر بیرسٹر عمران حسین نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہاکشمیر میں انسانی حقوق کا مسئلہ فوری حل ہونا چاہیے ،کشمیری اپنا پیدائشی حق مانگ رہے ہیں بھیک نہیں، اقوام متحدہ دنیا کا معتبر ادارہ ہے اگر یہ ادارہ اپنی قراردادوں پر عمل نہیں کروا سکتا کشمیریوں کو ان حق خودارادیت اور انسانی حقوق نہیں دلا سکتا تویہ اس عالمی ادارے کی اپنی وقعت پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں کشمیریوں کے خون سے غداری نہیں کر سکتے ان کے حق خودارادیت اور اقوام متحدہ کی قراردادوں سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے پیپلز پارٹی میرپور کے صدر اور سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کے فرزند قاسم مجید نے موجودہ حکومت کوشدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ملک حالت جنگ میں ہے بھارت دھمکیاں دے رہا ہے دوسری طرف احتساب کے نام پر قوم کوتقسیم کر کے ملک میں عدم استحکام کی فضاپیدا کی جاری ہے۔سابق وزیر تعلیم آزادکشمیر مطلوب انقلابی نے کہا کہ بھٹو خاندان نے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کرتے ہوئےجمہوریت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اب بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھوں میں بھٹو کے ویژن کا جھنڈا ہے اور وہپاکستان کی یکجہتی اور بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے قراردادیں پیش کیں جن میں پاکستان میں نیب کے ذریعے سیاسی جماعتوں کا استحصال بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور سپیکر سندھ اسمبلی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیاقرار داد میں آزادکشمیر میں پاکستان کے ساتھ ہی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا گیا او آئی سی اور دیگر عالمی اداروں سے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوانے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے سینئر رہنما صاحبزادہ ذوالفقار علی نے کہا کہ پاکستان کے 20کروڑ عوام شہید بھٹو اور بینظیر بھٹو کے نظریہ سے واقف ہیں۔ ان کی جدوجہد پاکستان کی سیاسی تاریخ میں بہت اہم اور منفرد مقام رکھتی ہے بھٹو شہید ہی کا یہ کارنامہ ہے کہ انہوں نے اوورسیز کمیونٹی کو دہری شہریت کا عظیم تحفہ دیا ۔سابق وزیر شوکت راجہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں چٹان کی طرح بھٹو کے کشمیر کے نظریے کے ساتھ کھڑی ہے کشمیر اور پیپلز پارٹی یک جان دو قالب ہیں بھٹو نے پارٹی کو کشمیر کے لیے جس منزل کی جانب گامزن کیا تھا وہ ہم لے کر رہیں گے۔ کنونشن سے سابق مشیرچوہدری حق نواز ،پیپلز پارٹی برطانیہ کی انفارمیشن سیکرٹری زاہد مغل ، سردار عبدالرحمن خان ، سابق لارڈ مئیر غضنفر خالق ،چوہدری صغیر پوٹھی ، چوہدری محمد یعقوب ، آمنہ مرزا، شاہد چوہان چوہدری عبدالقیوم چوہدری، بشیر یونس جنجوعہ، چوہدری عامر ، سابق لارڈ مئیر چوہدری شوکت ، ساجد قریشی عنصر علی چوہدری محمد جمیل ،محمد صابر ،راجہ خالد فاروق کونسلر گوہر الماس خان خواجہ مجتبی اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ قاری محمد عباس نے تلاوت قرآن مجید اور چوہدری کرامت حسین نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔تقریب میں چوہدری منظور اعجاز بوعہ چوہدری اعظم ، چوہدری جاوید سلیم ، چوہدری منظور ، سید امتیاز کاظمی ،چوہدری بشارت ،چوہدری ماموں عبدالقیوم کے علاوہ کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
تازہ ترین