• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین میں وزن کم کرنے کا جنون کوئی نئی بات نہیں ہے، دبلی پتلی خواتین بھی ایک آدھ کلو وزن بڑھنے پر پریشان ہوجاتی ہیں۔ ہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ مختلف ایکسرسائز اور ڈائٹ پلان پر عمل کرکے خود کو فٹ رکھے۔ وزن کم کرنے یا سلم نظرآنے کی دھن میں مبتلا خواتین کو دیکھ کر یہ کہا جاسکتا ہے کہ دورِ جدید میں ویٹ لوس انڈسٹری یعنی وزن کم کرنے والی صنعت بھی وجود میں آچکی ہے، جہاں اس بات پر زور دیا جاتا ہے کہ اگر آپ سلِم نہیں ہیں تو پھر اچھی دکھائی نہیں دیں گی۔

وزن میں کمی لانے کے لیے بہت سارے ڈائٹ پلان متعارف کروائے جاچکے ہیں، جن کا بنیادی مقصدخواتین و حضرات کے وزن میں کمی لانے پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔اب اس صنعت میں ایک اور ڈائٹ اپنے قدم جمارہی ہے ، جس کا نام ملٹری ڈائٹ ہے۔ یہ کیسے کام کرتی ہے یا آپ اس پر کیسے عمل کرسکتی ہیں، آئیں اس بارے میں جانتے ہیں۔

ملٹری ڈائٹ کیا ہے؟

اس کے آغاز سے متعلق کئی کہانیاں جڑی ہیں۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ امریکی افواج میں میڈیکل معائنے سے قبل فوجیوں کا وزن کم کرنے کیلئے یہ ڈائٹ شروع کی گئی جبکہ ایک اور تھیوری کے مطابق یہ ڈائٹ ایک امریکی ڈاکٹر نے یو ایس ملٹری کو ’شیپ‘ میں رہنے کیلئے تجویز کی تھی۔ اب اس کے پیچھے کوئی بھی واقعہ یا خیال ہو، اس کے نام سے ظاہر ہے کہ یہ ڈائٹ آپ کو فوجیوںکی طرح سلِم اور اسمارٹ رکھ سکتی ہے۔

اس ڈائٹ کو دو مراحل میں تقسیم کیا گیاہے یعنی ہفتے کے پہلے تین دن کم کیلوریز والا پلان جبکہ بقیہ چار دن عام ڈائٹ پلان پر عمل کیا جاتاہے۔ اس ڈائٹ پلان پر اس وقت تک عمل کیا جاتاہے، جب تک آپ اپنا مطلوبہ آئیڈیل وزن حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوجائیں۔ عموماً یہ ڈائٹ پلان آپ سے ایک ہفتے میں وزن کم کرنے کا وعدہ کرتا ہے۔ یہ ڈائٹ پلان بہت سارے ناموں جیسے آرمی ڈائٹ ، آئس کریم ڈائٹ یا لوکیل (low cal)ڈائٹ کے نام سے بھی مشہور ہے۔

ملٹری ڈائٹ کے پہلے تین دن

ناشتہ : ایک ٹوسٹ یا روٹی، ایک ٹیبل اسپون پی نٹ بٹر کےساتھ یا دو اُبلے ہوئے انڈے یا ایک پیالی دہی یا ایک پھل چائے یا کافی کے ساتھ۔

دوپہر کا کھانا : ایک ٹوسٹ یا ایک روٹی یا ایک پیالی چاول مچھلی، سبزی یا دال کےساتھ ، چائے یا کافی کا ایک کپ

رات کا کھانا : گرِلڈ چکن یا مچھلی، ہر ی سلاد، ایک سیب یا ایک کیلا ساتھ میں ایک چھوٹا کپ ونیلا آئس کریم

وزن کم کرنے میں کیسے مدد کرتا ہے؟

عام طور پر یہ ڈائٹ پلان کم کیلوری والی غذائوں او ر آئس کریم پر مشتمل ہوتاہے۔ ہفتے کے پہلے تین دنوںمیںآپ سے توقع کی جاتی ہے کہ آپ 1100 سے 1200کیلوریز سے زائد نہیں لیں گی۔ یہ ایک عام آدمی کی روزانہ کی اوسط کیلوریز سے بھی کم ہے۔ اگلے چار روز آپ کو عام غذائیں کھاتے ہوئے عمومی طور پر1800کیلوریز تک حاصل کرنی ہوتی ہیں۔ تاہم، بہت سے لوگ اس دوران بھی صحت بخش غذائیں لیتے رہتے ہیں۔

اس ڈائٹ پلان میں آپ کو ہر چیز کھانے کی اجازت ہے لیکن محدود مقدار میں۔ آئیڈیا یہ ہے کہ ہر چیز کھائی جائے لیکن اتنی مقدار میں، جس سے وزن نہ بڑھے۔ اس پلان میں یہ خیال رکھا جاتاہے کہ آپ کتنی کیلوریز حاصل کررہے ہیں اور کتنی کیلوریز استعمال کررہے ہیں، ایسا کرنے سے آپ کو تیزی سے وزن کم کرنےمیں مدد ملتی ہے۔ شروع کے تین دن ملٹری ڈائٹ دراصل انٹرمیٹیٹنٹ فاسٹنگ (یعنی کچھ گھنٹے بھوکا رہنے) کا امتزاج ہے لیکن اس کے بعد اس کی ضرورت نہیں رہتی۔

ملٹری ڈائٹ کے اگلے چار دن

آپ جو روزانہ کھاتے ہیں، وہ معمول کے مطابق کھاتے رہیںلیکن کوشش کریں کہ تلی ہوئی اشیا اور پروسیسیڈ فوڈ سے دور رہیں۔

نوٹ :اس ڈائٹ کا سب سے بڑافائدہ یہ ہے کہ اس سے تیزی سےوزن کم ہوتاہے اور نقصان یہ ہے کہ وزن کی یہ کمی مستقل نہیں رہتی اور آپ کی صحت کو متاثر کرسکتی ہے۔

ملٹری ڈائٹ پرکس نے عمل کیا؟

کرڈیشیان فیملی کی کوہلے کرڈیشان نے دعویٰ کیاہے کہ اس نے ملٹری ڈائٹ سے ایک ہفتے میں 12پونڈ وزن کم کیا تھا۔ تاہم، کوئی بھی سیلیبرٹی ڈائٹ آپ کا وزن کم کرنے کا وعدہ تو کرتی ہے لیکن اس کے نتیجے میں آپ کے بال گرنے لگیںیاآپ کی جِلد دمکنے کے بجائے بجھنے لگے یا آپ کی قوت مدافعت کم ہوجائےتوا س کی ذمہ داری کوئی نہیں لیتا۔ ممکن ہے کہ ایک ڈائٹ پلان کسی ایک کے لیے موزوں ہوں مگر دوسرے کیلئے نہ ہو، لہٰذا کسی بھی ڈائٹ پلان پر عمل کرنے کے بعد لازمی غور کریں کہ آیا اس سے آپ کی صحت پر مثبت اثرات پڑ رہے ہیں یا نہیں۔ 

تازہ ترین