چارسدہ .......چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں احاطہ عدالت میں ہونے والے خودکش حملے کے خلاف مانسہرہ میں دوسرے روز بھی وکلاء کی ہڑتال جاری رہی جس سے دور دراز علاقوں سے اپنی پیشی کے لئے آئے ہوئے مئوکلین کو شدید ذہنی کرب سے گزرنا پڑا۔
ڈسٹرک بارمانسہرہ کے تعزیتی اجلاس میں دہشت گرد حملے کی بھر پور مذمت کی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مانسہرہ کے صدر حافظ نسیم ایڈوکیٹ نے کہا کہ وکلاء برادری نہ صرف شبقدر احاطہ کچہری میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کے خلاف سراپا احتجاج ہے بلکہ حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ ملک میں برپا دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بھر پور کردار ادا کرے ۔
انہوں نے بتایا کہ صوبہ خیبر پختون خواہ بار کونسل کی کال پر وکلاء برادری تین روزہ سوگ منا رہی ہے اور اسی دوران عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ رہے گا۔