• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے ہاں سبزیوں میں کریلے بہت پسند کئے جاتے ہیں ان کا ذائقہ کڑوا ہوتا ہے مختلف طریقوں سے ان کی کڑواہٹ کم کی جاتی ہے۔ لذت اور غذائیت سے بھرپور اس سبزی کے بے شمار فائدے ہیں۔ ذیابیطس کے مریضوں کے لئے مفید غذا ہے۔ کریلوں کے استعمال سے جسم میں بلڈ گلوکوز کی سطح کم اور انسولین کی سطح کنٹرول میں رہتی ہے۔ کریلے کھانے اور ان کا جوس پینے سے فاسد مادے خارج ہوتےہیں اور خون صاف ہوتا ہے۔ ان میں وٹامن ’’کے‘‘ کی وافر مقدار ہوتی ہے۔ وٹا من ’’کے‘‘ ہڈیوں کو صحت مند بناتا ہے خون کو جمنے سےر وکتا ہے اور سوزش کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ ان سے کولیسٹرول لیول بھی مناسب رہتا ہے۔ علاوہ ازیںکریلے جلد اور جگر کے لئے بھی بہت فائدے مند ہیں۔ صحت کے حوالے سے کریلوں کے بے شمار فوائد ہیں۔ یہ ایسی سبزی ہے جو کئی بیماریوں سے بچاتی ہے۔کریلے پکانے کی چند تراکیب پیش خدمت ہیں۔

قیمے بھرے کریلے

اجزاء۔

کریلے۔ 5عدد

پانی۔ایک کپ

تیل۔حسب ضرورت

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ایک چائے کا چمچ

پیاز(سلائس)۔ایک کپ

ٹماٹر۔ایک کپ

پسا ہوا دھنیا۔آدھا چائے کا چمچ

زیرہ پائوڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

لال مرچ پائوڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

پانی۔ایک کپ

ہرادھنیا۔دو کھانے کے چمچ

ہری مرچ۔دو سے تین عدد

فلنگ بنانے کے اجزا۔

بیف قیمہ ۔ایک کلو

پیاز(چوپ)۔ڈیڑھ کپ

ادرک لہسن پیسٹ۔ایک کھانے کا چمچ

زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ

لال مرچ پائوڈر۔ایک چائے کا چمچ

نمک۔حسب ذائقہ

زیرہ پائوڈر۔ایک کھانے کا چمچ

لال مرچ کٹی ہوئی۔ایک چائے کا چمچ

گرم مصالحہ۔ایک کھانے کا چمچ

ہلدی۔ایک چائے کا چمچ

ٹماٹر۔ایک کپ

دھنیا پائوڈر۔ایک چائے کا چمچ

دہی۔آدھا کپ

تیل۔حسبِ ضرورت

ہری مرچ۔دو سے تین عدد

ترکیب۔

فلنگ بنانے کی ترکیب۔

ایک پین میں قیمہ اورپانی ڈال کر چھ سے آٹھ منٹ پکالیں۔ اب اس میں پیاز، ادرک، لہسن، زیرہ ، لال مرچ پائوڈر، نمک، زیرہ، کٹی لال مرچ، گرم مصالحہ، ہلدی، دھنیاپائوڈر ڈال کر تھوڑی دیر پکالیں۔ اب اس میں ٹماٹر، دہی، ہری مرچ، کھانے کا تیل ڈال کر گلنے کے بعد اچھی طرح بھون لیں۔

کریلے بنانے کی ترکیب۔

کریلوں کوپہلے چھیل کر ان کے بیج نکال لیںاب ان پر نمک لگا دیں اور ایک سے دو گھنٹے کے لئے رکھ دیں۔ اس کے بعد ململ کے کپڑے میں ان کریلوں کو رکھ کر نچوڑ لیں۔ اب کریلوں میں تیار کیا ہوا قیمہ بھر کر دھاگے سے بند کرلیں۔ اس کے بعد گرم تیل لیں اور شیلو فرائی کرلیں۔

کریلے اور قیمہ بنانے کا طریقہ۔

پین میں کھانے کا تیل لیں اس میں ادرک لہسن پیسٹ، پیاز ڈال کر پیاز نرم ہونے تک پکا لیں، اس کے بعد اس میں ٹماٹر ڈال کر تھوڑی دیر مزید پکائیں۔ اب اس میں دھنیا، زیرہ، لال مرچ ڈال کر باقی بچا ہوا تیار قیمہ ڈال دیں اور تیار کئے ہوئے کریلے اور پانی ڈال کر پانچ سے چھ منٹ ڈھک کرپکا لیں اور بھون لیں ہرا دھنیا ، ہر مرچ بطور گارنش استعمال کریں۔

ٹماٹر کریلے

اجزاء۔

کریلے۔ایک کلو (کھرچ کر چھوٹے ٹکڑے کرلیں)

ٹماٹر۔ایک کلو (چوپ کرلیں)

نمک۔ حسب ذائقہ

لال مرچ پائوڈر۔ایک چائے کا چمچ

ہلدی پائوڈر۔ایک چائے کا چمچ

لہسن ادرک پیسٹ۔ایک چائے کا چمچ

قیمہ۔250گرام

اچار کا مصالحہ۔دو چائے کے چمچ

ہرا دھنیا۔ایک گٹھی

تیل۔ حسب ضرورت

کڑھی پتے۔حسبِ ضرورت

پیاز ۔چار عدد (سلائس کی ہوئی)

ترکیب۔

سوس پین میں تیل گرم کرکے اس میں پیاز ڈال کر فرائی کرکے نکال لیں اور چورا کرلیں۔ اب کریلے اس میں ڈال کر لائٹ برائون ہونے تک فرائی کرلیں اور نکال لیں اسی تیل میں کڑھی پتے اور قیمے ڈال کر دو منٹ فرائی کرکے ادرک، لہسن پیسٹ، نمک، لال مرچ پائوڈر، ہلدی پائوڈر، ٹماٹر، اچار کا مصالحہ ڈال کر بھونیں۔ قیمہ گل جائے تو بھون کر اس میں فرائی کرکے نکالی ہوئی پیاز، ہرا دھنیااورکریلے ڈال کر مکس کریں تیل الگ ہو جائے تو نان کے ساتھ سرو کریں۔

دم کریلے

اجزاء۔

کریلے ا آدھا کلو

پیاز۔آدھاپائو

تیل۔حسب ِضرورت

املی۔پچاس گرام

کھوپرا۔ پچاس گرام

ہلدی۔ آدھ چمچ

زیرہ۔آدھ چمچ

خشک دھنیا پسا ہوا۔ایک چمچ

تل۔دو چمچ

ادرک۔ ایک چھوٹی گانٹھ

پساہوا لہسن۔ دو چمچ

نمک۔حسب ذائقہ

مرچ۔حسبِ پسند

ترکیب۔

کریلوں میں سے بیج نکال دیجیے اور ان میں آدھی املی، ادرک لہسن اور ہلدی بھر دیجئے پھر انہیں پانی میں ڈال کر گلالیں جب کریلے زردی مائل ہو جائیں تو چولہے سے اتار کر انہیں پانی سے نکال لیں اور ان کے اندر بھرا ہوا مصالحہ نکال کر پھینک دیں۔ بقیہ آدھا مصالحہ پیس لیجئے۔ یہ مصالحہ پیس کر ابلے ہوئے کریلوں میں بھر دیجئے کسی پتیلی میں تیل کڑ کڑایئے اور کریلے اس میں ڈال کر تل لیجئے۔ جب خوب اچھی طرح بھن جائیں تو باقی آدھی املی ان میں بھر دیجئے۔ کریلوںکا کڑوا پن دور کرنا بے حد ضروری ہے ورنہ سالن کا ذائقہ بگڑ جاتا ہے یہ کام املی کے گودے سے لیا جاتا ہے اس مرحلے پر املی کا گودا سالن میں ڈالا جاتا ہے جب کریلے گل جائیں اور املی پوری طرح پک جائے اور کریلوں میں مصالحے کی طرح الگ ہو جائے تو دم پر رکھ دیں اور جب سالن گھی چھوڑنے لگے تو چولہے سے اتار لیں، مزیدار دم کریلے تیار ہیں۔

اچاری کریلے

اجزاء۔

کریلے۔آدھا کلو

پیاز۔ایک کپ

تیل۔آدھا کپ

املی۔تین سے چار ٹکڑے

ادرک لہسن کاپیسٹ۔ایک چائے کا چمچ

لال مرچ۔ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

ہلدی۔آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ایک چائے کا چمچ

دہی۔آدھا کپ (پھینٹی ہوئی)

چینی۔ایک چائے کا چمچ

اچاری مصالحے کے لئے۔

سفید زیرہ۔ایک چائے کا چمچ

کلونجی۔ایک چائے کا چمچ

میتھی۔آدھا چائے کا چمچ (سوکھی)

دھنیا سوکھا۔دو چائے کے چمچ

سونف۔ایک چائے کا چمچ

ترکیب۔

اچاری مصالحہ کے لئے توے پر سفید زیرہ، کلونجی، سوکھی میتھی، سوکھا دھنیا اور سونف کو بھونیں اور باریک پیس لیں۔ کریلوں کو چھیلیں اور ان کےبیج نکال دیں۔ اب ان پر نمک لگا کر ایک گھنٹے کےلئے چھوڑ دیں ، پھر اچھی طرح دھو لیں۔ اس کے بعد کریلوں کو پانی میں املی کے ساتھ پانچ منٹ کے لئے ابالیں۔ اب انہیں نچوڑ کر تمام پانی نکالیں اور تیل میں فرائی کرکے نکال لیں۔ اب تیل گرم کرکے اس میں پیاز کو لائٹ گولڈن کریں اور نکال لیں۔ پھر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ، پسی لال مرچ، ہلدی، نمک اور دہی شامل کرکے کریلے فرائی کرلیں۔ ساتھ ہی تلی پیاز، چینی اور بھنا پسا مصالحہ ڈال دیں۔ اس کے بعد ڈھک کر درمیانی آنچ پر پکائیں یہاں تک کہ وہ تیار ہو جائے۔

کریلے کباب

اجزاء۔

کریلے ۔آدھا کلو

انڈا۔ایک عدد

چوکربریڈ۔دو سلائس

تیل۔حسب ضرورت

گوشت۔آدھا کلو

کالی مرچ۔پسی ہوئی ڈیڑھ چائے کا چمچ

نمک۔حسب ذائقہ

ترکیب۔

دھلے ہوئے کریلوں کو چھیل کر ابال لیں جب پانی خشک ہو جائے تو نکال کر باریک پیس لیں۔ گوشت کو بھی اسی طرح ابال کر خشک کرکے پیس لیں۔ پسے ہوئے کریلے اور گوشت میں انڈہ، نمک، کالی مرچ، بریڈ کے سلائس ڈال کر ہاتھ کی مدد سے یکجان کرلیں اور اس آمیزے کے کباب بنائیں۔ تیل گرم کریں اور کباب اس میں ڈال کر تل لیں۔ تلنے کے بعد کبابوں کو ٹشو پیپر پر رکھ دیں تاکہ زائد تیل جذب ہو جائے۔ مزیدار کریلے کباب تیار ہیں۔

دال چنا اور کریلا

اجزاء۔

دال چنا۔ایک پائو

خشک دھنیا۔ ایک چمچ

پیاز۔چار عدد

ہلدی۔ایک چوتھائی چمچ

نمک، مرچ۔حسب پسند

کریلے۔آدھا کلو، تیل۔حسبِ ضرورت

زیرہ۔آدھا چمچ ،دہی۔50گرام

ترکیب۔

دال کو صاف کرکے بھگو دیں۔ کریلوں کو چھیل کر لمبوترے کاٹ لیں اور بیج نکال کر ان کو نمک لگا کررکھتے جائیں۔ دال کو نمک اور پانی کے ساتھ ابال لیں اور پھر دال کو نکال کر الگ کرلیں۔ دال کو تیل میں تل لیں۔ کریلوں کو اچھی طرح چھیل کر کاٹ لیں۔ ایک برتن میں دال چنا، پیاز، لہسن، نمک، مرچ، خشک دھنیا، زیرہ، ہلدی اور تقریباً ڈیڑھ لیٹر پانی ڈال کر اس کو چولہے پر رکھ دیں۔ چالیس منٹ تک پکنے کے بعد جب کریلے اور دال گل جائیں تو تیل، ہرا دھنیا اور کالی مرچ ڈال کر اوپر ڈھکن دے دیں۔ ہلکی آنچ پر رکھیں اور مزید کچھ دیر پکانے کے بعد اتار لیں۔ چنے کی دال کریلا تیار ہیں۔ 

تازہ ترین