• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آشیانہ اسکیم کیس، شہباز شریف عدالت میں پیش

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوگئے ہیں جبکہ فواد حسن اور احد چیمہ کو پیش نہیں کیا گیا۔

لاہور کی احتساب عدالت میں مسلم لیگ ن کے صدر  اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوگئے۔ کیس کی سماعت شروع ہوئی تو فاضل جج نے استفسار کیا گرفتار ملزمان فواد حسن فواد اور احد چیمہ کو کیوں پیش نہیں کیا گیا۔

عدالت نے رجسٹرار کو ہدایت کی کہ جیل حکام کو شوکاز جاری کریں، اس طرح تو شہادتیں ریکارڈ نہیں ہوسکیں گی، پتہ کروائیں ملزمان ابھی تک کیوں پیش نہیں کیے۔ ملزمان کے پیش کیے جانے تک آشیانہ ہاؤسنگ کیس کی سماعت روک دی گئی جبکہ سپرنٹنڈنٹ جیل کو شو کاز نوٹس جاری کردیا گیا۔

شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے، جن کی غیر موجودگی میں جونیئر وکلا نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز دوسری عدالت میں مصروف ہیں۔

احتساب عدالت میں شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں، پولیس نے خاردار تاریں اور کنٹینر رکھ کر راستے بند کر دئیے۔

شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز آج دلائل دیں گے، اس سے قبل گزشتہ پیشی کے موقع پر شہباز شریف پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ قسم کھا کر کہتےہیں کہ یہ جھوٹا کیس ہے ، نیب نے جعل سازی کی، اصلیت جلد قوم کے سامنے آئے گی۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگر آپ کے خلاف جھوٹا کیس ہے تو اپنے وکیل کو کہیں اس حوالے سے کارروائی کریں۔

تازہ ترین