• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے ساتھ نظریاتی وابستگی ہے، زیارت حسین

لوٹن (شہزاد علی) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ کے نو منتخب سینئر نائب صدر چوہدری زیارت حسین نے کہا ہے کہ مملکت پاکستان کے ساتھ ہماری کمٹمنٹ نظریاتی بنیادوں پر ہے، انہوں نے کہا کہ مرکزی صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے خطے کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال کے تناظر میں کل جماعتی کانفرنس کی کال دے کر ایک وژنری اور روشن خیال لیڈر ہونے کا ثبوت دیا ہے،جنگ سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ آزادکشمیر پاکستان کے سرحدی علاقوں کے باشندے آئے روز بھارت کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا نشانہ بنتے چلے آرہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت پر چونکہ واضح ہوچکا ہے کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کر چکے ہیں اس لئے وہ رائے شماری کرانے سے انکار کرتا چلا آرہا ہے حالانکہ خود بھارت کے بڑے لیڈروں نے کشمیر پر استصواب رائے کا وعدہ عالمی برادری سے کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اکابرین نے الحاق پاکستان کی قرارداد پاکستان کے قیام سے بھی قبل منظور کرکے ہماری راہ متعین کردی تھی الحاق پاکستان کے مشن کو لے کر ہی چوہدری غلام عباس، سردار محمد ابراہیم خان، چوہدری نور حسین، سردار عبدالقیوم خان، سردار فتح محمد خان کریلوی اور دیگر اکابرین آگے بڑھتے رہے، مختلف جماعتوں کے باوجود کشمیری عوام کی بھاری اکثریت واضح طور پر ریاست کے پاکستان سے الحاق کی حمایتی ہے اور ہمارا عزم ہے کہ ہم کشمیری افواج پاکستان کے بلا تنخواہ سپاہی ہیں۔ کامیابی انشاء اللہ پاکستان کے قدم چومے گی۔ وہ دن دور نہیں جب ساری ریاست پاکستان کا حصہ بنے گی۔
تازہ ترین