• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کیلئے جے آئی ٹی کالعدم تنظیموں کیخلاف کیوں نہیں؟

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کالعدم تنظیموں کو قومی دھارے میں لانے کی مخالفت کردی اور استفسار کیا کہ اپوزیشن کے خلاف جے آئی ٹی بنائی مگر کالعدم تنظیموں کےلئے کیوں نہیں بنائی جاتی؟

قومی اسمبلی سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے سوال کیا کہ نیشنل ایکشن پلان، کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی اور جوڈیشل ریفارم کا کیا ہوا؟ اور یہ کیا بکواس ہے کہ کالعدم تنظیموں کو قومی دھارے میں لایا جائے گا۔



انہوں نے کہا کہ میرے ناشتے پر بھی جے آئی ٹی بن جاتی ہے، منتخب وزیراعظم کو لٹکادیا گیا مگر کالعدم تنظیموں کا ٹرائل تک نہیں ہوسکا، ہمیں اپنی بقا کے لئے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات پر عمل کرنا ہوگا۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ بھارتی جارحیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،دنیا نریندر مودی کو نہیں جانتی ہوگی لیکن برصغیر کے مسلمان گجرات کے قصاب کو اچھی طرح جانتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری فضائیہ نے ثابت کیا وہ دنیا کی بہترین ایئر فورس ہے،بھارتی طیارہ مار گرانے پر پاک فضائیہ کے پائلٹ حسن صدیقی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پلوامہ حملہ مقبوضہ کشمیر کے نوجوان نے بھارتی ریاستی دہشتگردی کے ردعمل میں کیا،گجرات کے قصائی اب کشمیر کا قصاب بن چکا ہے،اس کے ہاتھوں پر مسلمانوں کا خون ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی انتہا پسند حکومت سمجھتی ہے کہ نفرت کا پرچار کرکے وہ انتخابات جیت جائے گی۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ اپوزیشن کو ملک سے باہر نہیں جانے دیا جاتا،بھارتی پائلٹ کو بغیر ٹھوس اقدامات جلد بازی میں واپس کردیا گیا، حکومت نے نوبل انعام کا مذا ق کیا، اچھا کیا جو اس قرار داد پر یوٹرن لیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا کو سمجھنا ہوگا کہ ہماری خود مختاری کا خیال رکھا جائے،ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری کی بدترین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے ان کیمرا اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ یہاں بھی ملکی سلامتی سے زیادہ اپنی انا کو مقدس سمجھا گیا۔

بلاول بھٹو کا کہناتھاکہ معیشت بہتر کرنے کے لئے کوئی اصلاحات نظر نہیں آرہی،ہم خارجہ پالیسی، دہشتگردی اور معیشت پر حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کےلئے تیار ہیں۔

پی پی چیئرمین کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت نے او آئی سی میں شرکت نہ کرکے غلط فیصلہ کیا،حکومت وہاں بھارتی وزیر خارجہ کے خلاف احتجاج کرسکتی تھی۔

تازہ ترین