فٹنس اور اسمارٹنس حاصل کرنے کی خواہشمند خواتین یہ جاننے میں خاصی دلچسپی رکھتی ہیں کہ مقبول ڈائٹ پلان کون سے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اکثر محفلوں میں خواتین کا موضوعِ گفتگو ڈائٹنگ ہی ہوتا ہے جبکہ انٹرنیٹ پر بھی اس حوالے سے کافی سرچ کیا جاتا ہے۔ عہد حاضر میں چونکہ ڈائٹنگ فیشن نہیں بلکہ ایک ضرورت بن گئی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ اپنی صحت کے حساب سے ڈائٹ پلان کا انتخاب کیا جائے تاکہ آپ کو مطلوبہ نتائج حاصل ہو سکیں۔
جس طرح فیشن ٹرینڈز ہرسال تبدیل ہوجاتے ہیں، اسی طرح ڈائٹیشن بھی ہر بدلتے ماہ وسال میں ڈائٹ پلان میں تبدیلی کرتے نظر آتے ہیں۔ یہی وجہ ہےکہ ہر برس چند مخصوص ڈائٹ پلان پر عمل کیا جاتا ہے، مثال کے طور پر 2017ء میں کیٹو جینک ڈائٹ پلان جبکہ 2018ء میں DASHڈائٹ پلان دیگر کے مقابلے میں خاصے مقبول ہوئے۔خواتین کی بڑی تعداد نے ان ڈائٹ پلان پر عمل کیا تھا۔ خیر یہ تو تھی گزشتہ برسوں کی بات، رواں برس مقبول ڈائٹ پلان کون سے ہیں یہ جاننا زیادہ ضروری ہے۔
ڈائٹیشن جیکلن لندن کی رائے
’’اچھی صحت اور اسمارٹنس حاصل کرنے کے لیے کسی بھی ڈائٹ پلان کو منتخب کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ اپنی عادتوں اور غذا میں اس پلان کے مطابق تبدیلی لائیں۔ آپ بھلے کسی خاص ڈائٹ پلان پر عمل کریں یا نہ کریں مگر اس بات کا خیال لازمی رکھیں کہ آپ کی روزانہ کی خوراک میں سبزیاں ،پھل، نباتاتی تیل، غیر سیر شدہ چربی، جو اور گندم اہم جز کے طور پر شامل ہوں‘‘۔
آئیے اب رُخ کرتے ہیں غذائی ماہرین کی مدد سے تیار کی گئی ڈائٹ پلان کی درجہ بندی پر۔
میڈیٹرینین ڈائٹ پلان
رواں برس غذائی ماہرین کی جانب سےپیش کی گئی درجہ بندی میں میڈیٹرینین ڈائٹ ( Mediterranean Diet) کو مقبول ڈائٹ پلان کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ یہ ڈائٹ پلان نہ صرف روایتی طور پر وزن میںکمی لاتا ہے بلکہ کیلوریز کو خاص سطح پر رکھنے میں بھی خاصا مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس ڈائٹ پلان پر عمل کرتے وقت آپ اپنے دوست احباب کے ساتھ مل کر مختلف غذاؤںکا لطف اٹھانے سےمحروم نہیں رہتے۔ میڈیٹرینین ڈائٹ پلان بحیرہ روم کے لوگوں کی صحت مند طرزِ زندگی کو مد نظر رکھتے ہوئےترتیب دیا گیا ہے۔ یہ ڈائٹ پلان عام طور سے کثیر مقدار میں پھلوں، سبزیوں، فیٹی فوڈمثلاً مچھلی ،گری دار میووںاور زیتون کے تیل پر مشتمل ہے، جو ذیابطیس کو کنٹرول کرنے، وزن میں کمی لانے، دل اور دماغ کی بہترین صحت اور کینسر سے تحفظ فراہم کرنے میں مدددیتا ہے۔
ڈیش ڈائٹ
دوسرے نمبر پر منتخب ۔ڈیش (DASH) ڈائٹ پلان ہائپرٹینشن (ہائی بلڈ پریشر) سے متاثرہ افراد کے لیےڈیزائن کردہ ایک ایسا ڈائٹ چارٹ ہے، جو وزن میں کمی کے ساتھ ساتھ صحت مند طرزِزندگی اپنانے میں بھی خاصا مددگار ہوتا ہے۔ یہ غذائی پلان 100فیصد اناج، سمندری غذاؤں، کم چربی والی ڈیری مصنوعات،گری دار میووں اور بیجوں پر مشتمل ہے۔ اس مخصوص غذائی پلان میں میگنیشیم، پوٹاشیم اور کیلشیم کے علاوہ پروٹین اور فائبر وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس ڈائٹ پلان میں روزانہ صرف 3گرام سوڈیم (نمک) استعمال کرنے کی اجازت ہے، یعنی اس مقدار سے تقریباً 20فیصد کم، جو ایک عام انسان روزانہ استعمال کرتا ہے۔
والیومیٹرکس ڈائٹ
والیو میٹرکس ڈائٹ (Volumetrics Diet)پلان کو بھی رواں برس کے مقبول ڈائٹ پلان کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ یہ ڈائٹ پلان بھی وز ن میں کمی کی خواہشمند خواتین کے لیے بہترین ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ یہ عمل میں آسان ہونے کے ساتھ ساتھ آپ کا وزن کم کرنے اور کیلوریز کو متوازن رکھنے میں خاصا مدددگار ہوتا ہے۔ یہ ڈائٹ پلان زیادہ سے زیادہ غذائیت بھری پتوں والی سبزیوں اور پھلوں پر مشتمل ہے، ساتھ ہی اس میں سبزیوں کی نت نئی ریسیپیزبھی شامل ہیں۔
ڈائٹنگ بمقابلہ ورزش
ڈائٹنگ اور ورزش کے حوالے سے اکثر خواتین تذبذب کا شکار رہتی ہیں۔ اس صورتحال میں یہ سوال بھی خاصا اہمیت اختیار کرجاتا ہے کہ ورزش اور ڈائٹ پلان میں سے آخر کیا چیز زیادہ اہم ہے؟ ماہرین ان دونوں چیزوں کو سمجھنے کے لیے 80/20اصول کی جانب توجہ دلاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وزن میں کمی کے لیے 80فیصد انحصا ر آپ کی غذا پر ہوتا ہے جبکہ 20فیصد ورزش پر۔ اگرچہ وزن میں کمی کے حوالے سے ماہرین ورزش کو بھی ضروری قرار دیتے ہیں لیکن سرفہرست ڈائٹ کو قرار دیا جاتا ہے۔ لہٰذا آپ اگر اپنے وزن میں کمی چاہتی ہیں توکیلوریز بڑھانے والی غذائیں کھانے سے گریز کریں۔ مثلاًاگر آپ ایک پاؤنڈ وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو 35ہزار کیلوریز جلانی ہوگی اور یہ تب ہی ممکن ہے جب آپ غذاؤں کا انتخاب احتیاط سے کریں۔ اس کے علاوہ کتنی ہی خواتین ایسی ہیں، جو ایک طرف مسلسل جنک فوڈ کھا رہی ہوتی ہیں اور دوسری طرف یہ شکایت کرتی نظر آتی ہیں کہ ورزش کرنے کے باوجود ان کےوزن میں کمی نہیں آرہی۔ لہٰذا کسی بھی ڈائٹ پلان پر عمل کرتے ہوئے جنک فوڈ سے دور رہیں۔