راولپنڈی ( خصوصی نامہ نگار) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل مرحوم کی خواہش کو پورا کرتے ہوئے انکی بیوہ محترمہ افسر شہناز گل نے بینظیر بھٹو ہسپتال میں بچوں کے وارڈ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ تقریب میں مرحوم کی صاحبزادی عظمیٰ گل‘ داماد یوسف گل اور دیگر فیملی ممبران کے علاوہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ناصر محمود‘ اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر محمد ظفر اقبال‘ ڈاکٹر سعید انور شاہ‘ ڈاکٹر امداد اسی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ یہ منصوبہ 2مراحل میں مکمل ہو گا اور اسکی دیکھ بھال عظمیٰ گل کریں گی۔ پہلے فیز میں ایک سو بیس بیڈ اور عملہ کے کمروں‘ ویٹنگ رومز اور فلی ائرکنڈیشنڈ چلڈرن وارڈ منصوبہ پر 4کروڑ روپے لاگت آئیگی جو حمید گل فیملی برداشت کریگی۔ اس موقع پر محترمہ افسر شہناز گل نے کہا کہ جنرل حمید گل اور میری خواہش تھی کہ عام شہریوں کو بھی علاج کی جدید سہولیات میسر ہوں۔ میں 33سال سے مسلسل بیماری کا شکار اور علاج کے عمل سے گزر رہی ہوں‘ اس منصوبہ کو مکمل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔