• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی رنگ روڈ کی تعمیر کا کام جلد شروع ہوگا‘ غلام سرور خان

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) وقاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل غلام سرور خان نے کہا ہے کہ جاری تعمیراتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام ان سہولیات سے استفادہ کرسکیں۔ تحریک انصاف کی حکومت عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے، اب روایتی سیاست دم توڑ چکی ہے، اپنی سوچ کو بھی بدلنا ہو گا‘ آنے والے دنوں میں عوام کو واضح تبدیلی نظر آئیگی۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں پینے کے صاف پانی کے منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ پینے کا صاف پانی میسر آنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو ٹینکرز مافیا سے بھی نجات دلائی جائے۔ اراضی سنٹرز میں سٹاف کی کمی اور نامناسب رویئے کی وجہ سے عوام کو درپیش مسائل کا سدباب کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں ضلعی رابطہ کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق، صداقت علی عباسی، منصور حیات خان، ارکان صوبائی اسمبلی عمار صدیق خان، چوہدری ساجد، چوہدی حاجی امجد، واثق قیوم عباسی، چوہدی عدنان، راجہ صغیر احمد اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی چوہدری محمد علی رندھاوا سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں پانی کی کمی کو دور کرنے کیلئے سمال ڈیمز کی ہنگامی بنیادوں پر تعمیر کی اشد ضرورت ہے۔ اجلاس میں پوٹھوہار یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پوٹھوہار یونیورسٹی کیلئے ایک ہزار کنال اراضی جی ٹی روڈ مندرہ میں مختص کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسلا میں گندھارا یونیورسٹی کیلئے تین سو کنال اراضی دستیاب ہے اور رکھ دھمیال میں 100کنال اراضی ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر کیلئے مختص ہے۔ بڑے تعلیمی اداروں کی تعمیر سے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع حاصل ہونگے۔ اُنہوں نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ کی تعمیر کیلئے کام جلد شروع ہوگا۔ غلام سرور خان نے کہا کہ یونین کونسل چک بیلی کو جلد تحصیل کا درجہ دیا جائیگا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی چوہدری محمد علی رندھاوا نے کہا کہ عوامی منصوبوں کی تکمیل کو مقررہ وقت میں یقینی بنایا جائیگا اور ماہانہ اجلاس منعقد کر کے تعمیراتی کاموں پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا جائیگا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے نمائندہ افسران نے سال 2018ء اور 2019ء میں جاری تعمیراتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
تازہ ترین