کراچی میں گزشتہ روز شارع فیصل پر ایک کار میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی، تاہم فائر بریگیڈ کا عملہ نہ پہنچ سکا اور کار خاکستر ہو گئی۔
واقعہ شارع فیصل پر پیش آیا جہاں فوزیہ وہاب فلائی اوور کے نیچے صدر کی طرف جانے والی ایک کار میں مبینہ طور پر شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی۔
کار کے مالک اور عام شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی مگر ناکام رہے، آگ بھڑک اٹھی اور کار کو شعلوں نے لپیٹ میں لے لیا۔
آگ لگنے کے بعد ایک گھنٹہ گزرنے کے باوجود فائر بریگیڈ کا عملہ نہ پہنچا۔
اس سے قبل پولیس کی جدید آلات سے لیس گاڑی موقع پر پہنچی، ایس ایچ او فیروزآباد سرور کمانڈو، رینجرز کے جوانوں اور شہریوں نے گیس سلنڈر کی مدد سے آگ بجھانے کی کوشش کی تاہم وہ بھی ناکام رہے اور آگ کار کو مکمل طور پر خاکستر کرنے کے بعد خود ہی بجھ گئی۔