• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ نواز شریف کو صحت کی سہولتوں سے محروم رکھنا جرم ہے‘

ن لیگ جاپان کی جانب سے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت میاں نواز شریف کو صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم رکھ کر قانونی اور اخلاقی جرائم کا ارتکاب کررہی ہے۔

ن لیگ کینڈا کے رہنماوں کے اعزاز میں گزشتہ روز ن لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس کی جانب سے ایک تقریب منعقد کی گئی تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا کہ میاں نواز شریف پاکستان کے تین بار وزیر اعظم رہ چکے ہیں اور پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ بھی ہیں، دنیا کا کوئی قانون بنیادی انسانی حقوق کی سہولتوں کی فراہمی سے نہیں روکتا لیکن میاں نواز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی سخت مذمت کرتے ہیں ۔

ملک نور اعوان نے کینڈا سے آئے ہوئے ن لیگی رہنماوں عبدالرزاق، محمد اعجاز اور شاہد علی کو جاپان میں خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اوورسیز کے کارکنان پارٹی کا اصل اثاثہ ہیں۔

اس موقع پر ن لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت نہ صرف میاں نواز شریف بلکہ پوری پارٹی مشکلات کا شکار ہے پوری ریاستی طاقت سے میاں نواز شریف اور پارٹی کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے لیکن یہ وقت صبر کا اور جدوجہد کرنے کا ہے اور اس مشکل وقت میں ن لیگ اوورسیز کے کارکنان کو پارٹی کے لیے جدوجہد میں حصہ لینا ہے۔

ملک یونس نے کہا کہ ہم سب دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی میاں نواز شریف کو جلد اور بہترین صحت عطا فرمائے جبکہ پاکستان کو ترقی اور اس کی حفاظت فرمائے۔

ملک یونس نے ن لیگ کینڈا کے رہنماوں کو جاپان میں خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اوورسیز میاں نواز شریف کے خلاف ہونے والے انتقام کے خلاف لائحہ عمل تیار کرکے جلد عملی اقدامات کرے گی۔

تازہ ترین