• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ: 2 مساجد پر فائرنگ، جاں بحق افراد کی تعداد 49 ہو گئی

نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 49 ہو گئی جبکہ 20 سے زائد زخمی ہو گئے، جاں بحق افراد میں خواتین اوربچے بھی شامل ہیں۔

حملے کے الزام میں 4 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں سے ایک پر قتل کا الزام عائد کر دیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے دو مساجد پر ہونے والے حملوں کو ’دہشت گردی‘ قرار دے دیا، پولیس کے مطابق حملہ منصوبہ بندی سے کیا گیا۔


بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم واقعے میں بال بال بچ گئی، نماز پڑھنے آئے ہوئے بنگلا دیشی کھلاڑیوں نے بھاگ کر جان بچائی۔

واقعے کے بعد نیوزی لینڈ کی پولیس نے پریس کانفرنس کی جس میں بتایا کہ حملہ آوروں نے النورمسجد اور لِین وڈ میں نمازیوں کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈینز ایونیو میں واقع مسجد میں 41 افراد، جبکہ لین وُڈ مسجد میں 7 افراد جاں بحق ہوئے، اسپتال میں زیر علاج ایک زخمی کے دم توڑنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 49 ہوگئی۔

پولیس نے کرائسٹ چرچ کے مرکزی علاقے کے رہائشیوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

پولیس نےسرچ آپریشن کے دوران متعدد گاڑیوں میں نصب بموں کو بھی ناکارہ بنایا ہے۔

خاتون سمیت 4 افراد زیر حراست

پولیس حکام نے بتایا کہ خاتون سمیت 4 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں سے ایک کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے نئے نام ہیں۔

 مسجد کے قریب گاڑیوں میں نصب بارودی ڈیوائسزبھی ملی ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور اسلام مخالف اور امیگرنٹس کے خلاف تعصب پر مبنی پیغام چھوڑ کر فرار ہوئے تھے۔

حملہ آور نے شناخت بتادی

مقامی میڈیاکا کہنا ہے کہ مسجد میں ایک مسلح شخص داخل ہوا جس نے مشین گن سے فائرنگ کی، حملہ آور نےپنڈلیوں میں گولیوں سے بھرے میگزین باندھے ہوئے تھے۔

مقامی میڈیا نے بتایا ہے کہ ملزم نے اپنی شناخت آسٹریلوی شہری برینٹن ٹیرینٹ کے نام سے کی ہے،حملہ آور وردی میں ملبوس تھا،جس کی عمر 30 سے 40 سال تھی۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملہ آور جدید ہتھیاروں سے لیس اور پیٹرول بموں سے بھری گاڑی کیساتھ پہنچا تھا،جو ہیلمٹ میں لگے کیمرے سے واردات کی ویڈیو لائیو اسٹریمنگ کرتارہا۔

مقامی میڈیا نے مزید بتایا ہےکہ مسلح شخص نے مسجد میں داخل ہوتے ہی اندھا دھند فائرنگ کی، اس نے کئی بار گن کو ری لوڈ کیا اور مختلف کمروں میں جا کر فائرنگ کی۔

مقامی میڈیانے یہ بھی کہا کہ 3 منٹ تک مسجد میں فائرنگ کرنے کے بعد حملہ آور مرکزی دروازے سے باہر نکلا،جہاں اس نے گاڑیوں پر بھی فائرنگ شروع کر دی۔

پاکستانی ہائی کمیشن کا بیان

نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق کرائسٹ چرچ کی مسجد نور اور مسجد لنٹن میں فائرنگ کے واقعے میں کسی پاکستانی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم محفوظ رہی

حملے میں بنگلادیش کی ٹیم بال بال بچ گئی، جس کے کھلاڑی فائرنگ کے وقت نماز جمعہ کی ا دائیگی کے لیے دہشت گردوں کا نشانہ بننے والی ایک مسجد میں موجود تھے، کھلاڑیوں نے بھاگ کر جان بچائی۔


پریس کانفرنس کرتے ہوئے بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے کہا کہ بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑی اس واقعے میں محفوظ رہے۔


بنگلا دیشی کرکٹر مشفق الرحیم نے اس موقع پر کہا کہ مسجد میں بنگلا دیشی ٹیم بھی موجود تھی جو اس واقعے میں محفوظ رہی۔


انہوں نے کہا کہ ہم بہت خوش قسمت رہے کہ فائرنگ کے اس واقعے میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں محفوظ رکھا، ہم کبھی نہیں چاہیں گے کہ ایسا دوبارہ ہو۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کے درمیان کل سے کرائسٹ چرچ میں کھیلا جانے والا تیسرا ٹیسٹ منسوخ کر دیا گیا ہے جس کے بعد بنگلا دیش ٹیم نے دورۂ نیوزی لینڈ ختم کرتے ہوئے واپسی کے انتظامات شروع کردیے ہیں۔

’’یہ سیاہ ترین دن ہے‘‘: وزیر اعظم نیوزی لینڈ

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈرن نے کرائسٹ چرچ کی مساجد میں فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کو نیوزی لینڈی کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیا ہے۔

ایک پریس کانفرنس میں ان کا کہناتھا کہ ایسے دلخراش واقعےکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، مرنےوالوں میں بہت سے پناہ گزین اورتاریکن وطن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں کہنا چاہتی ہوں کہ ان پناہ گزینوں نے نیوزی لینڈ کو اپنا گھر بنایا اور یہ ان کا گھر ہی ہے، تشدد میں ملوث افراد ہم میں سے نہیں اور ان کی نیوزی لینڈ میں کوئی جگہ نہیں ۔

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پولیس نے مزید گرفتاریوں کے امکان کو رد نہیں کیا ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا ردعمل

واقعے کے حوالے سے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے بیان جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ دونوں ملکوں نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کے کھلاڑی محفوظ ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے یہ بھی کہا ہے کہ اگلے لائحہ عمل کے لیے اتھارٹیز کے ساتھ کام رہے ہیں ،کل سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کے حوالے سے اقدامات پر بات چیت جاری ہے۔

تازہ ترین