نائیجیرین خاتون نے 70 دن میں 10 لاکھ 70 ہزار تک گنتی گن کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نائیجیرین خاتون نے کئی ہفتوں تک مسلسل بلند آواز میں گنتی گنتے ہوئے 18 سال پرانا عالمی ریکارڈ توڑا ہے۔
یہ کارنامہ نائیجیریا سے تعلق رکھنے والی خاتون فیور اوگوچے اینی نے انجام دیا ہے۔
انہوں نے 70 دن تک یہ چیلنج جاری رکھا اور روزانہ تقریباً 14 گھنٹے گنتی گننے میں صرف کیے، اس دوران انہوں نے بلند آواز میں گنتی گنتے ہوئے 1 سے لے کر 10 لاکھ 70 ہزار تک اعداد و شمار مکمل کیے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ 10 لاکھ تک گنتی کرنے کا تھا جو تقریباً 18 برس تک ناقابلِ شکست رہا، فیور اوگوچے اینی نے اس حد سے مزید 70 ہزار اعداد آگے جا کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
شفافیت اور تصدیق کو یقینی بنانے کے لیے انہوں نے پوری گنتی کا عمل یوٹیوب پر براہِ راست نشر کیا، اس لائیو اسٹریم کے ذریعے ناظرین کو موقع ملا کہ وہ اس کوشش کو براہِ راست دیکھ سکیں اور اس کی صداقت کی تصدیق کر سکیں۔
یہ چیلنج اکتوبر 2025ء میں شروع ہوا اور دسمبر تک جاری رہا، اس دوران زیادہ تر وقت فیور اوگوچے اینی نے اپنے گھر سے ہی گنتی کا عمل جاری رکھا اور تقریباً ڈھائی ماہ کے عرصے میں باقاعدہ اور مسلسل شیڈول برقرار رکھا۔
ان کی غیر معمولی برداشت اور لگن نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی، یہ کارنامہ اب برداشت سے متعلق غیر معمولی ریکارڈز میں ایک نئی مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔