• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے ہاں لوگ میٹھا کھانے کے بہت شوقین سمجھے جاتے ہیں۔خاص طور پر کھانا کھانے کے بعد میٹھا ضرور کھایا جاتا ہے۔ دعوت ہو یا شادی سویٹ ڈش کے بغیر دستر خوان ادھورا سمجھا جاتا ہے۔میٹھی ڈش میں کھیر ،زردہ ،حلوہ مشہور ہیں لیکن اب کئی نئےمیٹھے پکوان انکی جگہ لے رہے ہیں۔ چند میٹھے پکوانوں کی تراکیب ملاحظہ فرمائیں۔

ملائی کے لڈو

اجزاء۔

کاٹیج چیز۔آدھا کلو

کنڈنسڈ ملک۔دو کھانے کے چمچ

کیوڑہ۔دو کھانے کے چمچ

الائچی ۔پانچ عدد

زعفران۔حسب ِذوق

بادام۔حسب ِضرورت

پستہ۔حسب ِضرورت

ترکیب۔

کاٹیج چیز کو اچھی طرح مسل کر فرائی پین میں ڈالیں اور ہلکی آنچ پر پکائیں۔نرم ہونے پر کنڈنسڈ ملک شامل کر کے مکس کر لیں۔

جب نرم ہو جائے تو اس میں کیوڑا اور الائچی شامل کر کے آنچ بند کر دیں۔

اب پین سے نکال کر فریج میں ٹھنڈا کر لیں۔

فریج سے نکال کر زعفران شامل کریں اور اس کے لڈو بنا لیں۔

سجاوٹ کے ساتھ سرو کریں۔

ربڑی

اجزاء۔

دودھ۔ تین کلو

الائچی پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

کیوڑہ۔ دو کھانے کے چمچ

چینی۔ دو کپ

بادام، پستہ۔ حسبِ ضرورت

ترکیب۔

ربڑی ایک خاص کڑاہی میں بنائی جاتی ہے جس کا پیندہ سیدھا ہوتا ہے اسی قسم کی کڑاہی میں جلیبیاں بھی بنائی جاتی ہیں۔ اسے عام طور پر تئی کہا جاتا ہے۔

ایک کلو دودھ کو تئی میں اس طرح پکائیں کہ دودھ کے بلبلے نہ بنے بس ہلکا ہلکا پکے، دودھ پکنے سے اوپر جو تہہ آئے اسے فلیٹ چمچ سے کڑاہی میں ایک طرف کرتے جائیں۔

دودھ کے اوپر بننے والی تہہ جب کڑاہی میں ایک طرف کر دیں تو تھوڑا سا مزید دودھ کڑاہی میں ڈالیں۔

جب سارا دودھ کڑاہی میں ڈال دیں اور سائڈ پرکافی گاڑھی تہہ بن جائے تو دودھ میں کیوڑہ، الائچی پاؤڈر اور چینی شامل کرکے دودھ کو پکائیں۔

چینی دودھ میں حل ہو جائے تو دودھ کو جو سائڈ پر بالائی کی تہیں کی تھیں ان کے اوپر ڈالتے ہوئے مکس کریں، یہ سارا آمیزہ گاڑھا ہو کے ربڑی بن جائے گا۔

اس ربڑی کو پلیٹ میں نکا لیں اور ٹھنڈا کرکے بادام، پستہ سے گارنش کرکے سرو کریں۔

یہ ربڑی نرم ہو گی۔ اگر خشک ربڑی بنانا چاہتے ہیں تو ربڑی کو مزید پکا کے دودھ اور چینی کو خشک کریں۔ اس ربڑی کے اوپر تھوڑی سی چینی ڈال کے اس کو پلیٹ میں نکا ل لیں۔

چمچ کو ہلکے ہاتھوں سے مسلسل ہلانا ہے لیکن پیندے کے ساتھ رگڑنا نہیں۔

آخر میں ٹھنڈا کرکے پیش کریں۔

سندھی ربڑی کھیر

اجزاء۔

ربڑی۔ آدھا کلو

تازہ دودھ۔ دوکلو

چاول (بھیگے اور پسے ہوئے)۔ آدھاکلو

کیوڑہ۔ ایک کھانے کا چمچ

بادام ،پستے۔ چارکھانے کے چمچ( باریک کٹے ہوئے)

ترکیب۔

دودھ گرم کرکے اس میں چاول ڈالیں، اور چاولوں کو گلنے تک پکائیں۔ اس میں چینی شامل کرکے گاڑھا ہونے تک پکائیں، پھر کیوڑہ ، ربڑی، بادام اور پستے ڈال کر خوب اچھی طرح ملائیں اور ٹھنڈا کرکے پیش کریں۔

خشک دودھ کی رس ملائی

اجزاء۔

خشک دودھ۔ 1 کپ

انڈا ﴿پھینٹا ہوا۔ 1 عدد

تیل۔ 3۔4کھانے کے چمچ

بیکنگ پاوڈر۔ ¼ چائے کا چمچ

دودھ۔ 1 لیٹر

چینی۔ 1 کپ

پستہ بادام۔ 10-15 دانے

ترکیب۔

خشک دودھ، انڈا، بیکنگ پاؤڈر اور تیل ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔

جب مکس ہو جائے تو اسکی بالز بنا لیں۔

ایک دیگچی میں دودھ اُبال لیں۔ اور ساتھ چینی شامل کردیں۔

دس سے بارہ منٹ پکائیں اور گاڑھا کر لیں۔

اس کے بعد وہ بالز شامل کر لیں۔

ان رس ملائیوں کے ساتھ مزید 5 منٹ پکائیں اور پھر ٹھنڈا کر لیں۔

اب ایک پیالے میں نکال کر پستہ بادام سے گارنش کر لیں اور سرو کریں۔

گڑ پاپڑی

اجزاء۔

گیہوں کا آٹا۔تین سو پچھتر گرام

سوجی۔ایک سو پچیس گرام

سونف۔پچیس گرام

چھوٹی الائچی۔پینتیس عدد

اصلی گھی۔آدھا کلو

گوند۔ایک سو پچیس گرام

گڑ۔سات سو پچاس گرام

پسا کھوپرا۔دو سو پچاس گرام

ترکیب۔

گیہوں کے آٹے میں سوجی ملاکر الگ رکھ دیں۔

گرائنڈر میں سونف اور پینتیس عدد چھوٹی الائچی ڈال کر باریک پیس لیں۔

ایک برتن میں اصلی گھی کی آدھی مقدار یعنی دو سو پچاس گرام گرم کرلیں۔

اس میں گوند ڈال کر اچھی طرح فرائی کر لیں۔

پھر فرائی کی ہوئی گوند کو پین سے نکال کر کوٹ لیں۔

اب پین میں بچے ہوئے گھی میں سوجی اور آٹے کا آمیزہ ڈال کے ہلکی آنچ پر دس منٹ تک بھونیں۔

دوسرے برتن میں بقیہ دو سو پچاس گرام گھی گرم کریں۔

اس میں گڑ ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ مسلسل چمچ چلاتے رہیں کہ گڑ گھل جائے۔

آمیزے میں بلبلے بننےلگیں تو چولہے سے ہٹا کر سوجی اور آٹے کا بھنا ہوا آمیزہ شامل کر دیں۔

ساتھ ہی اس میں کوٹی ہوئی گوند، ایک سو پچیس گرام پسا کھوپرا اور الائچی کا پسا ہوا آدھا آمیزہ ڈال کر مکس کریں۔

اس آمیزے کو گریس کی ہوئی ٹرے میں ڈال کر جمنے کے لیے چھوڑ دیں۔

اوپر سے بقیہ کھوپرا اور الائچی کا بقیہ آمیزہ ڈال کر ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔

گل فردوس

اجزاء۔

دودھ۔ 1 کلو

چاول (دھوکر بھگودیں)۔ 50 گرام

بادام۔ 50 گرام (چھیل کر باریک پیس لیں)

کھویا۔ 250 گرام

مکھن۔ 2 کھانے کے چمچ

پائن ایپل ایسنس۔ 1/2 چائے کا چمچ

پائن ایپل۔2/1 کپ

ریڈ جیلی کرسٹل۔ 1پیکٹ(پکا کر جمالیں)

ترکیب۔

چاول فوڈ پروسیسر میں ڈال کر باریک پیس لیں۔دیگچی میں مکھن ڈال کر پگھلالیں اور پسے ہوئے چاول اور بادام ڈال کر بھونیں۔ 1سے 2منٹ بعد دودھ اور کھویا شامل کر کے پکائیں آنچ ہلکی رکھیں اور تھوڑی تھوڑی دیر کے بعد چمچ چلاتی رہیں۔ کھویا ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں۔

گاڑھا ہو جائے تو چولہا بند کر دیں اور پائن ایپل ایسنس ملالیں جب ٹھنڈا ہو جائے تو پائن ایپل اور چیری شامل کر کے کسی کورے مٹی کے پیالے میں نکالیں اور سرو کر دیں۔

سوجی اورناریل کی ٹکڑیاں

اجزاء۔

سوجی۔ ایک کپ

ناریل ۔آدھا کپ (پسا ہوا)

پانی ۔آدھا کپ

چینی ۔ایک کپ

گھی ۔حسبِ ضرورت

الائچی ۔تین چوتھائی چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

خشک۔ دودھ ایک کپ

ناریل۔تین کھانے کے چمچ (کٹا ہوا اور ٹوپنگ کے لیے)

ترکیب۔

شیرہ کے لیے:پانی اور چینی کو ملاکر شیرہ بنالیں، یہاں تک کہ وہ تار کا شیرہ تیار ہو جائے۔

پھر گھی گرم کرکے اس میں ہری الائچی کو سوجی کے ساتھ ہلکی آنچ پر دس منٹ کے لیے فرائی کریں۔

اب اس میں تیار شیرہ شامل کر دیں۔

پھر فوراً اس میں خشک دودھ اور پسا ناریل ڈال کر تیزی سے مکس کریں۔

اب مکسچر کو جلدی سے گریس کی ہوئی ٹرے میں ڈالیں اور ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔

پھر اسے کٹے ہوئے ناریل سے گارنش کریں اور سیٹ ہونے کے لیے چھوڑ دیں۔

موتی چور کے لڈو

اجزاء۔

بیسن۔ ایک پاؤ

چینی۔ ایک پاؤ

گھی۔ایک پاؤ

عرق گلاب ۔آدھی چھٹانک

زعفران۔ چار ماشہ پسی ہوئی

ترکیب۔

بیسن کو گاڑھا سا پھینٹ لیں۔ اس میں زعفران اور عرق گلاب ملا کر لڈو بنا لیں۔ چینی میں آدھ پاؤ پانی ڈال کر شیرہ پکا لیں۔ فرائنگ پین میں گھی کو خوب گرم کر یں اور لڈو ڈال کر تلتے جائیں اور ساتھ ہی ساتھ تیار شدہ شیرے میں ڈالتے رہیں۔ گھنٹہ بھر پڑا رہنے دیں۔ شیرہ جذب ہو جائے گا اور ذائقے دار لڈو سرو کرنے کے لیے تیار ہوں گے۔

تازہ ترین