کراچی(اسٹاف رپورٹر) بینکنگ کورٹ نے سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اورانکی ہمشیرہ فریال تالپور کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کو کراچی سے راولپنڈی منتقل کردیا ہے، جبکہ عدالت نے سابق صدر آصف زرداری،انکی ہمشیرہ فریال تالپور اوردیگرملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرنے سمیت تمام ملزمان کی زر ضمانت بھی خارج کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ جبکہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے وکیل فاروق نے بینکنگ کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کیس منتقل کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ دوسری جانب نیب راولپنڈی نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو 20 مارچ کو طلب کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو بینکنگ کورٹ میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ آصف علی زرداری عدالت میں پیش ہوئے۔ تاہم انکی ہمشیرہ فریال تالپور عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔ وکیل کی جانب سے طبیعت ناساز ہونے پر استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ حسین لوائی، عبدالغنی مجید و دیگر نے بھی عدالت میں پیش ہوکر حاضری لگائی۔ سماعت کے دوران عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کیس کو کراچی سے راولپنڈی منتقل کرنے سے متعلق نیب کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ فیصلے کے بعد انور مجید کے بیٹے نمر مجید، ذوالقرنین اور علی کمال گرفتاری کے خوف سے عدالت سے چلے گئے۔ تاہم کچھ دیر بعد وہ واپس بینکنگ کورٹ آگئے۔