لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی جس کے دوران جوڈیشل انکوائری کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ جوڈیشل کمیشن عدالت نے نہیں بنایا، آپ کو پتہ ہے کہ جوڈیشل کمیشن کون بنا سکتا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ ہمارے پاس مواد ہے، دلائل ہیں کہ ہائی کورٹ جوڈیشل کمیشن بنا سکتی ہے، خاص حالات میں عدالت حکومت کو ہدایت کر سکتی ہے کہ وہ جوڈیشل کمیشن بنائے۔
سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ جوڈیشل کمیشن کی ضرورت نہیں ہے۔