• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم پاکستان پر اتحاد و طاقت کا مظاہرہ، لڑاکا طیاروں، میزائلوں، ٹینکوں، دیگر جنگی سامان کی نمائش

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ملک بھر میں یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا اس مناسبت سے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میںمسلح افواج کی شاندار پریڈ ہوئی جس میں فوجی قوت اور اتحاد کا بھر پورمظاہرہ کیا گیا ۔ 


اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والی پریڈ میں پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ چین، ترکی، سعودی عرب بحرین ، سری لنکا ، اور آذربائیجان کے دستے اور ہواز باز بھی شریک ہوئے، پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے صدر پاکستان کو سلامی پیش کی، ائر ماشل مجاہد انور نے فلائی پاسٹ کی قیادت کی، اس موقع پر الخالد و الضرار ٹینک،جدید مزائل، ڈرون اور دیگر فوجی سازو سامان کی بھی نمائش کی گئی۔ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر ، وزیراعظم عمران خان اور صدرِ مملکت عارف علوی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جبکہ غیر ملکی مہمان بحرین کی نیشنل گارڈ کے سربراہ اور آذربائیجان کے وزیر دفاع بھی تقریب میں شریک تھے۔ 


اسکے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس، تینوں سروسز چیف، حکومتی شخصیات، غیر ملکی سفراء اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے مرکزی تقریب میں شرکت کی۔ صدرِ مملکت سمیت مہمانانِ خصوصی کی آمد کے بعد گراؤنڈ میں قومی ترانا پڑھا گیا اور تلاوتِ کلام پاک کی گئی ۔بعد ازاں مارچ پاسٹ ہوا جس میں بری،بحری ،فضائی دستوں،ایل او سی پر تعینات مجاہد فورسز، فرنٹیرکور، اسلام آباد پولیس، فوج کی خواتین آفیسر کے دستے، آزاد کشمیر کی گرل گائیڈ،کمانڈوز،بوائے اسکائوٹس نے صدر پاکستان کو سلامی پیش کی جبکہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی سربراہی میں جنگی طیاروں نے صدرِ مملکت کو سلامی دی، ایئرچیف مجاہد انورخان نے کاک پٹ سے براہ راست پیغام بھی دیاکہ ’’جارحیت کی غلطی نہ کرنا، ہم فضاؤں کے محافظ ہیں۔‘‘ ایئرچیف نےفلائی پاسٹ کے دوران کاکپٹ سے ’پاکستان زندہ باد‘ کانعرہ بھی بلندکیا۔ ائیر چیف کی سربراہی میں پاک فضائیہ کے ایف 16 طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا اور اس دوران طیاروں کی گھن گھرج نے وفاقی دارالحکومت کا ماحول گرما دیا۔ ائیر چیف مارشل نے ایف 16 طیارے میں پریڈ گراؤنڈ کے چکر لگائے اور فضا میں بلند ہوگئے، جے ایف 17، ایف 16، میراج اور ایف 7 پی طیاروں نے بھی فلائی پاسٹ کیا۔تقریب میں موجود مہمان وزیراعظم مہاتیر محمد کو پاکستان کا قومی پرچم پیش کیا گیا،انہوں نے سبز ہلالی پرچم کو بصدِ احترام بوسہ دیا۔ صدرِ مملکت عارف علوی نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کیا اور شاندار پریڈ کے انعقاد پر مسلح افواج اور منتظمین کو مبارکباد دی۔ پاک فوج، رینجرز، بحریہ کے دستوں نے معزز مہمانوں کو سلامی دی اور الخالد ٹینکوں کے دستے نے بھی مخصوص انداز میں سلامی پیش کی۔ تقریب میں دفاعی سازو سامان کی نمائش کی گئی جس میں دشمن کو دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھنے والے الخالد سمیت دیگر ٹینکوں اور میزائلوں کی بھی نمائش کی گئی۔ تقریب میں موجود مہمان وزیراعظم مہاتیر کو پاکستان کا قومی پرچم پیش کیا گیا۔ انہوں نے سبز ہلالی پرچم کو بصدِ احترام بوسہ دیا۔ تقریب کے آخر میں گلوکار ساحر علی بگا نے آئی ایس پی آر کی جانب سے یومِ پاکستان کیلئے بنایا گیا خصوصی نغمہ گاکر شرکا کا لہو گرمایا۔ بعدازاں علاقائی ثقافت پر مشتمل فلوٹس گزرے۔ سب سے پہلے آزاد کشمیر کا فلوٹ گزرا جسکے آگے جوانوں نے ہاتھوں میں تلواریں اٹھا رہی تھیں اور روایتی فن کا مظاہرہ کر رہے تھے آزاد کشمیر کے فلوٹ پر مقامی ثقافت کے نمونے بھی رکھے گئے تھے۔ بعدازاں بلوچستان کا فلوٹ گزرا جسکے آگے بلوچ پگڑی پہنے جوان رقص کررہے تھے بلوچستان کے فلوٹ پر مارخور ہرن کا ماڈل بھی رکھا گیا تھا۔گلگت بلتستان کے فلوٹ پر برف پوش چوٹیوں کی منظر کشی کی گئی تھی۔سی پیک کو بھی اجاگر کیا گیا تھا خیبرپختونخوا کے فلوٹ پر باب خیبر،اسلامیہ کالج کے ماڈلز کے علاوہ گوتھم بدھ کے مجمسے کی ایک بڑی ہورڈنگ بھی لگی ہوئی تھی پنجاب کے فلوٹ پر روایتی جھمر ڈالا گیا اور فنکاروں نے بڑے بڑے ڈھول اٹھا رکھے تھے۔فلوٹ پر کاشت کاری کو بھی نمایاں کیا گیا تھا۔سندھ کے فلوٹ پر وادی مہران کی ثقافت نمایاں کی گئی تھی۔ قومی تقریب میں غیر معمولی فضائی مظاہرہ کیا گیا۔ پاکستان کے علاوہ چین اور ترکی کے پائلٹس نے شرکاء تقریب اور پوری قوم کو حیران کر دیا۔

تازہ ترین