ملکۂ کوہسار مری کے علاقے گھوڑاگلی اور سینو کے جنگلات میں آگ لگ گئی۔
مری کے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر عامر سہیل کے مطابق 3 گھنٹوں سے لگی آگ نے جنگلات کے بڑے حصے کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے محکمہ جنگلات کے 80 اہل کار مصروف ہیں، جبکہ آگ بجھانے کے لیے ریسکیو ٹیم کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
ڈویژنل فاریسٹ آفیسرمری کا مزید کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی گاڑیاں سڑک نہ ہونے کے باعث متاثرہ جگہ تک نہیں پہنچ پا رہیں، فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر مری ڈی ایف او کے عملے کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب مری کے جنگلات میں لگنے والی شدید آگ پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوٹس لے لیا ہے اور متعلقہ حکام اور محکموں کو جلد از جلد آگ بجھانے کی ہدایت کی ہے۔