وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم حقائق نہیں چھپانا چاہتے، مزید اعتماد سے کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان پلوامہ حملے میں قصور وار نہیں تھا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے پلوامہ واقعے پر بھارتی ڈوزیئر کا جائزہ لیا، اس معاملے پر پاکستان نیک نیتی سے آگے بڑھنا چاہتا ہے۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ جو اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، دنیا کو ان اقدامات میں مسئلے کا حل دکھائی دے گا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی پیش کش کے بعدپلوامہ واقعے پر بھارت کی طرف سے 27 فروری کو ایک صفحہ پاکستان کے حوالے کیا گیا تھا اور اس بھارتی ڈوزیئر کا جائزہ لینے کے بعد پاکستان نے اپنی ابتدائی فائنڈنگ بھارتی حکومت کے ساتھ شیئر کردی ہے ۔