• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الطاف حسین سے رابطہ نہیں ،را کے ایجنٹوں کیخلا ف ایکشن ہونا چاہیے،رحمٰن ملک

اسلام آباد ( آن لائن ) سابق وزیر داخلہ اور سینیٹر عبدالرحمان ملک نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے کوئی رابطہ نہیں ہے ملکی سلامتی کے خلاف ’’را‘‘ کے لئے کام کرنے والے ایجنٹوں کے خلاف ایکشن ہونا چاہئے ۔ آصف علی زرداری ڈاکٹروں کی اجازت کے بعد پاکستان واپس آ جائیں گے مجھ پر لگے الزامات میں کتنی صداقت ہےحکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کمیشن بنا دےدودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائیگا۔ پیر کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ سینیٹر عبدالرحمان ملک نے کہا ہے کہ ا لطاف حسین کے ’’ را‘‘ سے تعلقات کے متعلق نہیں معلوم اگر کوئی پاکستانی ایجنسی بتاتی تو کارروائی ضرور کرتا ۔ ایم کیو ایم کے قائد کو اپنے شوق سے نہیں بلکہ اپنی حکومت کے لئے ملتا تھا انہوں نے کہا کہ ’’را‘‘ کا جو بھی ایجنٹ ہے وہ غدار ہے اس ایجنٹ کی خلاف ورزی کسی بھی صورت میں نرمی نہیں برتی جا سکتی ۔’’را‘‘ کے ساتھ مل کر پاکستان کی سلامتی کے خلاف کام کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے کر کارروائی کی جانی چاہئے اور کڑی سے کڑی سزا دینی چاہئے انہوں نے بتایا کہ متحدہ کے قائد الطاف حسین سے اب میرا کوئی بھی رابطہ نہیں ہے جو لوگ بھی مجھ پر مختلف الزامات لگا رہے ہیں ان الزامات میں کتنی صداقت ہے حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کمیشن بنا دے۔ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا ۔دریں اثناء انہوں نے کہا ہے کہ امریکا، پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو بھارت کی نظر سے دیکھنا بند کرے، نیوکلیئر اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ پاکستان کے نیوکلیائی کنٹرول سسٹم کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں ہے اس لئے امریکا یا دنیا کے کسی بھی ملک کو اس بارے میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ پاکستان دہشت گردی کےخلاف جنگ میں برسر پیکار ہے اس لئے امریکا کو پا کستا ن کے ایٹمی پروگرام پر سوال کرنے کے بجائے اس کی مکمل حمایت کے لئے تعاون کرنا چاہئے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں میں کمی لانے کے بیان پر شدید تحفظات کا اہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان کے ایٹمی پروگرام کوبھارت کی نظر سے دیکھنا بند کرے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں سب سے زیادہ ہیں۔
تازہ ترین