بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام بدلنے کے مجوزہ حکومتی فیصلے پر پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ردعمل سامنے آگیا۔
شکار پور میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ خان صاحب کی سوچ ڈاکٹرائن ہے، یہ لوگ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ختم کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ لانگ ٹرم سازش ہے،یہ لوگ عوام اور غریب دشمن ہیں،پہلے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کریں گے،پھر رقم کم کریں گے اور اس کے بعد پروگرام ہی بند کردیں گے۔
پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ وہ سمجھتے ہیں پیسہ ضائع ہورہا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ ملک کا سب سے اچھا پروگرام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹھٹھہ اور سہون میں بینظیر انکم سپورٹ کی رقم نہ ملنے پر خواتین احتجاج کررہی ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ سے ناصرف خواتین مضبوط ہو رہی ہیں بلکہ معیشت کو بھی طاقت مل رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب غریب کے پاس پیسہ آتا ہے تو اس پیسے سے ملکی معیشت میں بہتری آتی ہے۔