• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز: شیریں مزاری کے ہاتھوں ٹورسٹ انفارمیشن سینٹر کا افتتاح

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے برسلز میں پاکستان ٹورسٹ انفارمیشن سینٹر کا افتتاح کر دیا۔

مذکورہ سیاحتی مرکز معلومات سفارت خانۂ پاکستان کے تعاون سے ’ ٹرائبز کو ورکنگ ایریا‘ کے ہنزہ سیکشن میں قائم کیا گیا ہے۔

تقریب میں ممبران یورپین و برسلز پارلیمنٹ، بیلجیم سے دنیا کی دوسری بڑی چوٹی کے ٹو سر کرنے والے کوہ پیما پال ھیگ (Paul Hegge)، پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں کئی سال تک مسلسل جاکر فوٹوگرافی کرنے والے بیلجئین فوٹو گرافر بینوا سنیسن (Benoit Sneessens)، مقامی کونسلرز، پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات اور سفارت خانے کے تمام افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ اب پاکستان سیاحت کے لیے ایک کھلا ملک ہے، وزیر اعظم عمران خان بذات خود پاکستان میں سیاحت کے فروغ میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک آزاد ویزہ پالیسی اختیار کی ہے جہاں اب سیاحوں کو پاکستان کے کسی بھی حصے میں آنے جانے کے لیے حکومتی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے پاس صرف پہاڑ ہی نہیں بلکہ اس کے جنوبی علاقوں میں صحرائے چولستان اور پھر دریائے سندھ کی وادی بھی موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ایک ایسی جنگ شروع کردی گئی تھی جوہماری نہیں تھی،اس جنگ میں پاکستان کے 70 ہزار شہری مارے گئے، بڑا مالی نقصان بھی ہوا اور ملک کے حصے میں بدنامی بھی آئی۔

شیریں مزاری نے دنیا کو دعوت دی کہ وہ پاکستان آئے جہاں حکومت نے تمام رکاوٹیں ختم کردی ہیں۔

قبل ازیں بیلجیئن فوٹو گرافر بینوا سنیسن اور کوہ پیما پال ھیگ نے پاکستان سے متعلق اپنے اپنے تجربات بیان کئے۔

بینواسنیسن نے کہا کہ پاکستان سے آکر میں کلچرل شاک کا شکار ہو گیا کیو نکہ وہاں جگہ جگہ اتنی محبت ملی کہ بیان نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ 6 ،7سال کی پاکستان میں مسلسل آمدورفت کے دوران میرے ساتھ کوئی ایک بھی ایسا وقعہ پیش نہیں آیا جسے برا کہا جا سکے۔

کوہ پیما پال ھیگ نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کے مقابلے میں کوئی اور ایسا ملک نہیں جو کوہ پیمائی کے لحاظ سے اتنا خوبصورت ہو۔

اس موقع پر دیگر سیاحوں کی جانب سے پاکستان کے سفر پر مشتمل دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں جنہیں حاظرین نے بے حد پسند کیا۔

بعد ازاں وفاقی وزیر نے اس سیاحتی معلوماتی مرکز کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپین یونین کے لیے سفیر پاکستان نغمانہ عالمگیر ہاشمی بھی موجود تھیں۔

تقریب میں نظامت کے فرائض پریس کونسلر سلطانہ رضوی نے انجام دیئے جبکہ ٹرائبز کی جانب سے ازابیل پالومو(Isabel Palomo) نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

تازہ ترین