وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل نہیں کیا جارہا ہے، کفالت کا ایک اور پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ’احساس‘ کے نام سے ایک اور کفالت پروگرام شروع کررہے ہیں، غربت کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، احساس کے تحت بہت سے نئے پروگرام شروع کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کاروبار شروع کرنے والوں کے لئے قرضہ اسکیم متعارف کرائی جارہی ہے اور سستا گھر اسکیم کا افتتاح بھی کرنے جارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ کے اب تک 33 اجلاس ہوچکےہیں، کابینہ اجلاس میں 607 فیصلے کیے گئے، جن پر 90 روز میں عمل درآمد ہوگا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ کابینہ نے 57.3 بلین کابجٹ فاٹا کو ٹرانسفر کرنےکی منظوری دی ہے، ائیر مارشل ارشد ملک کو پی آئی اےکا سی ای او تعینات کیا گیا ہے، حسن عرفان کو آئی پی او بورڈ سے ہٹا دیا گیا، ان کا اپنا کاروبار ہے اس لیے مفادات کا ٹکراؤ تھا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ شمس الدین شیخ پی ایم ڈی سی کے نئے چیئرمین ہوں گے جب کہ او جی ڈی سی ایل اور سوئی نادرن کا نیا بورڈ قائم کیا گیا ہے، سوئی سدرن بورڈ کی چیئرپرسن شمشاد اختر ہوں گی۔