• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور کو اے این پی کا مضبوط گڑھ بنایا جائے گا، ملک فرہاد خان

پشاور(نمائندہ خصوصی) اے این پی ضلع پشاور کے نومنتخب صدر ملک فرہاد خان نے اپنے انتخاب پر تمام ضلعی کونسلروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ باچا خان کے پیرو کاروں کی طر ف سے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے ان کے اعتماد کو کسی بھی صورت میں ٹھیس نہیں پہنچائی جائے گی۔ انہوں نے ان سے ملاقات کرنے والے اے این پی یونین کونسل شیریکرہ متنی پشاور کے سیکرٹری اطلاعات محمد علی آفریدی اور اے این پی کے ضلعی کونسلروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آنے والا دور قوم پرستی کا دور ہے عوام مہنگائی اور عوام دشمن پالیسیوں سے حکمرانوں سے بے زار ہو چکے ہیں اور صوبے کے عوام نے اے این پی کا ساتھ دینے کا تہیہ کر لیا ہے۔ اے این پی کو ضلع پشاور کے کونے کونے و چپے چپے میں منظم کر کے ضلع پشاور کو اے این پی کا مضبوط گڑھ بنایا جائے گا۔ باچا خان کے پیرو کار صوبے کے حقوق کے حصول کے لئے میدان میں نکل آئے ہیں۔ صوبے کے حقوق غصب کرنے والوں کے خلاف دما دم مست قلندر ہو گا۔ ملک فرہاد خان نے حکمرانوں کی طرف سے اٹھارویں ترمیم کو چھیڑنے اور صوبے کے حقوق کو غصب کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اٹھارویں ترمیم کو چھیڑا گیا تو اے این پی کے کارکن سڑکوں پر نکل آئیں گے۔
تازہ ترین