پاکستان پیپلز پارٹی 12 اپریل کو گھوٹکی میں جلسہ عام کرے گی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔
یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے گھوٹکی میں صوبائی وزیر ناصر شاہ، باری پتافی، محمد بخش مہر، وقار مہدی، راشد ربانی اور عاجز دھامرا کےہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔
نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ گھوٹکی کے عوام اور ورکرز نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے جلسہ کرنے کی درخواست کی تھی، بلاول بھٹو نے عوام کی درخواست پر حامی بھرتے ہوئے گھوٹکی میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 4 اپریل کو شہید بھٹو کی 40 ویں برسی کے موقع پر جلسے کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، سندھ سمیت ملک بھر کی عوام محبت کا اظہار کرنے 4 اپریل گڑھی خدا بخش پہنچیں گے۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ وفاقی حکومت نے عوام کو مسائل اور مہنگائی کے طوفان میں دھکیل دیا، عوام پر پیٹرول بم گرایا گیا ہے۔ پٹرول 45 روپے فی لٹر ہونا چاہئے، ہمارے وسائل پر قبضہ ہو رہا ہے، گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کرکے عوام پر ظلم کیاجارہا ہے، نئے پاکستان کا نعرہ عمران خان کی شکل میں عذاب بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صوبوں اور صوبائی خودمختاری کے خلاف ہیں، وفاقی حکومت نے شاہ خرچیاں کرنی ہیں، اس لئے صوبوں کے حصےپر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، عوام سے رابطے میں ہیں اور عوام کو حکومت کے کرتوتوں کے بارے میں بتائیں گے۔
نثار کھوڑونے کہا کہ وزیراعظم گھوٹکی میں آئے تو وہاں بند شامیانے میں سرکاری لوگ تھے۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنےسے متعلق بات کرکے کم ظرفی کا مظاہرہ کیا۔
نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی مقدمات کا عدالتوں میں سامنا کر رہی ہے، عوام کو پرویز خٹک، فیصل واوڈا، علیمہ خان کی گرفتاری کا انتظار ہے، ان پر کب ہاتھ ڈالا جا رہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ اگر وفاق کا دیوالیہ نکل گیا ہے تو وزیراعظم نے کراچی کے لئے 160 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیسے کیا؟، گھوٹکی کے لئے انہوں نے کوئی بھی اعلان نہیں کیا۔