• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بی آر ٹی منصوبے پر پرویز خٹک کی گول مول گفتگو

بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے پر سابق وزیراعلیٰ اور موجودہ وزیر دفاع پرویز خٹک نے گول مول گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی تکنیکی مسائل ہیں تو ان کے ذمہ دار انجینئر ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ نے انکشاف کیا ہے کہ پشاور بی آر ٹی منصوبے میں تبدیلیاں ایشیائی ترقیاتی بینک نے نہیں بلکہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے کروائیں۔

پروگرام میں اس انکشاف کے بعد سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ہلکا پھلکا اعتراف کر لیا کہ ان تبدیلیوں کی منظوری انہوں نے دی تھی۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ان کا کام ڈیزائن دیکھنا نہیں اور نہ وہ انجینئر ہیں۔ جس نے غلطی کی، اس کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے، ابتدائی ڈیزائن میں سیوریج سسٹم کا خیال نہیں رکھا گیا۔

خیال رہے کہ جیو نیوز کے اسی پروگرام میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک انیس جولائی دو ہزار اٹھارہ کو یہ کہہ چکے ہیں کہ بی آر ٹی منصوبے میں تمام تبدیلیاں ایشیائی ترقیاتی بینک نے کرائی ہیں۔

پشاور میں پی ٹی آئی کے بس منصوبے میں ناقص منصوبہ بندی، غفلت اور خامیوں کا پول خود تحریک انصاف کی اپنی حکومت نے ہی کھولا ہے۔

موجودہ صوبائی حکومت کی معائنہ رپورٹ میں پلاننگ اور تعمیر دونوں ناقص قرار دیا گیا، منصوبے کے تحت ٹرین چلنا تھی، مگر بسیں بھی نہ چل سکیں، منصوبے میں نااہلی کی وجہ سے قوم کے اربوں روپے ضائع ہو گئے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کاش عمران خان چند گائے بھینسیں بیچ کر چند ملین روپے کمانے کے بجائے پشاور میٹرو کا مسئلہ سلجھا دیتے۔

شہباز شریف نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پشاور میٹرو کا خستہ حال منصوبہ قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا رہا ہے، یہ میگا کرپشن کیس اور پی ٹی آئی کی مکمل نااہلی ہے۔

تازہ ترین