• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دینی قوتوں کی آواز ہوں، کوئی آپریشن نہیں ہورہا، شیخ رشید

کراچی(نیوزڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ دینی قوتوں کی آواز ہوں،کوئی آپریشن نہیں ہورہا،بعض مجبوریاں ضرور ہیں لیکن اس کایہ مطلب نہیںکہ ہم اپنی قوتوں کی طاقت و اہمیت سے واقف نہیں،معاشی صورتحال صحیح نہیں لیکن ہم سنوار دینگے، اسد عمر آئی ایم ایف سے مذاکرات کیلئے جارہے ہیں،میں پہلے دن سے کہتاآیا ہوں کہ آئی ایم ایف کے پاس جائے بغیر چارہ نہیں ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نےکہا کہ نواز شریف ، آصف زردار ی نے ملک کو اتنا لوٹا کہ تباہ و بردباد کردیا ،دونوں ہاتھوں اورتمام دانتوں سےلوٹا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کے پاس جائیں گے تو ورلڈ بینک اورپھر سارے لائن اپ ہوں گے جب تک آئی ایم ایف کلیئر نہیں ہوگا تو عوام کو دھچکا تو لگے گاعوام پر بوجھ تو پڑے گا کیوںکہ نواز شریف اور آصف زرداری کی حکومت نے گدھوں کی طرح اس ملک کی معیشت کو کھایا ہے،میں عمران خان اور اسد عمر کے ساتھ ہو ں، انہوں نے ملک کیلئےبے انتہا کوششیں کی ہیں،اگر وزیراعظم آئی ایم ایف کی سربراہ کے پاس خود چلے گئے تو کون سی قیامت آگئی ؟اپنی قوم کے لئےگئے اپنے لوگوں کے فائدے کے لئےگئے ۔انہوں نے کہا کہ میری گوٹی کوئی نہیں پھنسی جن وزرا پر اس حکومت میں سب سے زیادہ تنقید ہورہی ہے وہ سب سے زیادہ محنت کررہے ہیں اور جو خامو ش بیٹھے ہیں ان پر کوئی تنقید نہیں ،یہ سال امتحان کا سال ہے دو سال تک حکومت بہتر پوزیشن میں آجائے گی بجٹ تک مزید امتحان جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اسد عمر کا مسئلہ یہ ہے کہ انہیں میڈیا ٹھیک طریقے سے پیش نہیں کررہاوہ کافی محنت کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ خاص طور پر میں دینی طاقتوں کو بھی کہنا چاہتا ہوں مولانا فضل الرحمن کوئی سیاسی شرارت کرنے کی کوشش کرے گاجب تک میں کیبنٹ میں موجود ہوں تصور بھی نہ کریں کہ مدرسوں کے خلاف کوئی بات ہوسکتی ہے، دینی مدرسے اسلام کے قلعے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل پرسوں میں جتنے بڑے حادثے سے گزرا میں ساری قوم سے معافی مانگتا ہوں کہ ہمیںاس ریل ٹریک کو بحال کرنے میں30گھنٹے لگ گئے ،انشاء اللہ عمران خان27تاریخ کو چین جائینگے،ایم ایل ون دستخط ہوگیا تو یہ ٹریک پاکستان کا انقلاب لے آئے گا۔انہوں نے کہا کہ قوم یقین رکھے اس کیبنٹ میں میں دینی طاقتوں کی آواز ہوں اور انشاء اللہ آپ کو مایوس نہیں کروں گا، کوئی ریاست کے لئے خطرہ نہیں ،کوئی آپریشن نہیں ہورہابعض مجبوریاں ضرور ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم اپنی قو تو ں کی طاقت اور ان کی اہمیت اور حقیقت سے واقف نہیں ، فسادی اور جہادی میں فرق ہے ہم دہشت گردی کے خلاف ہیں۔بعض سوالوں کا جواب دینا اس لئے ضروری نہیں کہ میں بلاول نہیں ہوں کہ ہندوستان کی حمایت میں بیان دیدوں، جو کچھ ہورہا ہے قانون اور آئین کے دائرے میں ہورہاہے ،ریلوے کو خسارے سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں، ایم ایل ون پر دستخط ہوگئے تو پانچ سال میں ریلوے ٹھیک ہوجائے گا، پوری کوشش ہے کہ ریلوے کے نظام میں بہتری لائی جاسکے، 24ٹرینیں چلائی ہیں جنہیں 42 تک لے کر جائیں گے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ابھی فواد اور نعیم الحق سے فارغ نہیں ہوئے تھے کہ شاہ محمود اور جہانگیر ترین کا جھگڑا آگیا، وزیراعظم کو کابینہ میٹنگ میں کہا کہ ان دو ٹریلرز کے بعد کوئی اور ٹریلر نہ چل جائے، کابینہ میں ٹریلر تو ضرور ہوں گے لیکن کوئی پکا راگ نہیں گائے گا، میں عمران خان کے ساتھ ہوں اس کے علاوہ میرا کوئی لیڈر نہیں، پی ٹی آئی میں باقی سب لوگوں سے میں سینئر ہوں کسی کو لیڈر نہیں سمجھتا، وزیر رہوں یا نہ رہوں عمران خان کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکلنا این آر او ہے اور عدالتی فیصلہ بھی ، میں نے صرف شہباز شریف کو این آر او مانگتے دیکھا ، نواز شریف کی مجھے کوئی اطلاع نہیں، شہباز شریف حکمرانی کے کوریڈور میں داخل ہونے کیلئے بھرپور کوشش کررہے ہیں، عمران خان کی حکومت کیلئے شہباز شریف اب کوئی مسئلہ نہیں، نواز شریف کا گروپ بھی اب اسی تنخواہ پر کام کرنے کیلئے تیار ہے، مریم اور شہباز شریف کی سیاست علیحدہ ہے لیکن مریم کا بھی یہی پیغام ہے کہ ہم بھی اسی کشتی میں سوار ہوسکتے ہیں، ن لیگ حکومت کی مخالفت سے ہٹ کر ہلکا ہاتھ رکھے گی صرف ٹی وی پروگراموں کیلئے بیان دیں گے، شہباز شریف حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔

تازہ ترین