• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم آج خیبر میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے

وزیر اعظم عمران خان آج خیبر پختون خوا کے ضلع خیبر کے جمرود اسٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

خیبر میں آج وزیراعظم عمران خان کے جلسہ عام سےخطاب کے موقع پر ان کے ہمراہ وفاقی وزراء، گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا بھی ہوں گے۔

جلسہ گاہ میں عوام کے لیے 10 ہزار کرسیاں رکھی گئی ہیں، 6 کنٹینرز ملا کر اسٹیج قائم کیا گیا ہے، جس کی اونچائی 16 میٹر اور چوڑائی 40 میٹر ہے۔

اس حوالے سے جمرود اسٹیڈیم کو عمران خان کی تصاویر اور بینرز سے سجایا گیا ہے، جبکہ وہاں سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

جلسے کی سیکیورٹی کی وجہ سے جمرود بازار آج بند رہے گا، فرنٹیئر کور کے اہل کاروں نے جمرود اسٹیڈیم اور ملحقہ بازار کو حفاظتی حصار میں لے رکھا ہے۔

جمرود بازار سے اسٹیڈیم جانے والے راستوں سے تجاوزات کا خاتمہ کر کے انہیں بھی بینروں اور تصاویر سے سجایا گیا ہے۔

قبائلی اضلاع میں دہشت گردی کے دوران 31 لاکھ 50 ہزار افراد نے گھربار چھوڑ کر نقل مکانی کی، جبکہ کامیاب ملٹری آپریشن کے نتیجے میں 99 فیصد متاثرین کی واپسی ممکن ہوئی۔

متاثرین نے اپنے مسائل کے حل کے سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان کے ممکنہ دورے سے امیدیں وابستہ رکھی ہیں۔

قبائلی اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف 2009ء میں آپریشن شروع کردیا گیا تھا جس کے باعث 31 لاکھ 50 ہزار افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

کامیاب ملٹری آپریشن کے باعث دہشت کے عفریت سے نجات ملی تو گزشتہ 2 سال سے متاثرین کی بحالی کا سلسلہ بھی شروع ہوا۔

حکومت کی طرف سے متاثرین کو مکمل تباہ ہونے والے مکان کے عوض 4 لاکھ جبکہ جزوی طورپر تباہ ہونے والے مکان کے بدلے 1 لاکھ 60 ہزار روپے فراہم کیے گئے ہیں، تاہم متاثرین ملنے والا معاوضے کو اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف سمجھتے ہیں۔

نقل مکانی کرنے والوں میں سے 16 ہزار افراد کی بحالی کا مرحلہ باقی ہے،متاثرین نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ روٹی، کپڑا اور مکان کے محتاج متاثرین خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔

تازہ ترین