مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ وہ جیلوں سے ڈرنے والے نہیں ،دس سال مشرف دور کا احتساب بھگتا ہے۔ حکومتی وزیر کے تہہ خانے میں چھپنے کے بیان کا جواب بھی دینا نہیں چاہتا۔
نیب ٹیم کی واپسی کے بعد حمزہ شہباز نے گھر کی چھت سے کارکنوں سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب اُنہیں گرفتارنہیں کرسکتی ، عدالت کا حکم نامہ میرے پاس ہے، آج آئین اور قانون کی فتح ہوئی ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ تمام تحفظات کے باوجود ہم نیب کے سامنے پیش ہوتے رہےہیں ، نیب نے عدالت میں لکھ کر دیا تھا کہ حمزہ شہباز سب سے زیادہ تعاون کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ظلم وہ کرتے ہیں جو دیوار یں پھلانگ کر گھس آتے ہیں اورلوگوں کو محبوس بناتے ہیں، عوام کا شعور بیدار ہورہا ہے ، کارکن سیسہ پلائی دیوار ہیں ، انکی دل سے عزت کرتا ہوں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ سیاسی لڑائی کیلئے عمر پڑی ہے ، آئیں ڈوبتی معیشت کی بہتری کے لیے روڈ میپ بنائیں، اپوزیشن عوام کی خاطر اپنا کردار ادا کریگی۔