راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول سے ٹرانسفر کئے گئے بلڈنگ انسپکٹروں کومری میں مبینہ غیرقانونی عمارتوں کی فہرستوں کی تیاری کا ٹاسک دیدیا گیا ہے ، تین ہفتےقبل آرڈی اے انتظامیہ کی طرف سے ٹیکنیکل و نان ٹیکنیکل عملہ کے کام کو دیکھے بغیر تقریباً 41گریڈ سولہ تک کے ملازمین کےانٹر ڈائریکٹوریٹ تبادلے کر دیئے تھے ، جن میں بلڈنگ انسپکٹروں کو انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ میں بھجوا دیا گیا تھا مگر ڈائریکٹر انجینئرنگ نے یہ کہہ کر انہیں لینے سے انکار کر دیا تھا کہ انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ میں انسپکٹر بلڈنگ کنٹرول کی پوسٹ ہی نہیں ، جس کے بعد سے بلڈنگ کنٹرول کے افسران نے ان کے آرڈر منسوخ ہوئے بغیر ہی ان انسپکٹروں سے کام لینا شروع کر دیا ہے اور پچھلے ایک ہفتہ سے مری اور ملحقہ ایریاز میں ہونے والی غیرقانونی تعمیرات کی فہرستوں کی تیاری کیلئے بھجوا دیا گیا ہے ، ادھر چیئرمین آرڈی اے عارف عباسی کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹیکنیکل سے نان ٹیکنیکل پوسٹوں پر بھجوائے گئے عملہ کے آرڈر منسوخ کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں ۔