اسلام آباد (طاہر خلیل) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین سے بھارتی اداکار رضا مراد نے ان کی رہائش گاہ پر ناشتے پر ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ اس موقع پر سینیٹر مشاہد حسین سید‘ ڈاکٹر خالد رانجھا‘ مسز فرخ خان اور سینیٹر نزہت صادق بھی موجود تھیں۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی کو دور کرنے میں کرکٹ کے کھیل نے ہمیشہ اہم رول ادا کیا‘ فنکاروں کے آنے جانے سے ثقافت کو فروغ ملتا ہے۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ آرٹسٹ کسی بھی ملک و قوم کے ثقافتی سفیر ہوتے ہیں‘ کھیل اور آرٹ کی کوئی سرحد نہیں ہوتی‘ ہمارے دروازے انڈیا سمیت کسی بھی ملک کے فنکاروں اور کھلاڑیوں کیلئے ہمیشہ کھلے ہوتے ہیں اور پاکستان میں ان کو بھرپور پذیرائی اور محبت ملتی ہے۔ رضا مراد نے چوہدری شجاعت حسین کی محبتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح کرکٹ کھیلنے سے تعلقات بہتر ہوتے ہیں اسی طرح فنکاروں کے تبادلے سے باہمی تعلقات اور ثقافت کو فروغ ملتا ہے‘ میں جب بھی پاکستان آتا ہوں مجھے کبھی یہ احساس نہیں ہوا کہ مجھے یہاں سکیورٹی کی کوئی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن بھی چوہدری شجاعت حسین کی دعوت پر پاکستان آنا چاہتے ہیں۔