جعلی اکاؤنٹس کیس کے سلسلے میں عدالت کی جانب سے طلب کرنے پر سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور احتساب عدالت پہنچ گئیں۔
احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آج آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت 24 ملزمان کو طلب کر رکھا ہے۔
آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک، لطیف کھوسہ، پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور، سہیل انور سیال بھی احتساب عدالت پہنچ گئے۔
کراچی کی بینکنگ کورٹ سے اسلام آباد منتقل ہونے والے جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد ارشدملک کر رہے ہیں۔
آصف زرداری نے جیالوں کو احتساب عدالت آنے سے روک رکھا ہے، اس موقع پر وفاقی پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، 2 ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جب کہ رینجرز کے 200 اہلکار بھی نیب کورٹ کے اطراف میں تعینات ہیں۔
عدالت کی جانب سے آج سماعت کے لیے سمن کے ذریعے طلب کیے جانے والے ملزمان میں سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے علاوہ حسین لوائی، طحہٰ رضا، انور مجید، عبدالغنی مجید، زین ملک، نمر مجید، علی کمال مجید، مصطفیٰ ذوالقرنین، عدیل شاہ، محمد قاسم، محمد اشرف، اقبال خان نوری، داؤد، شیر محمد، شہزاد علی، کرن امین، نورین سلطان، محمد ناصر شیخ، کرسٹوفر ڈی کروز، غضنفر احسن، راحیل مبین اور اسلم مسعود شامل ہیں۔
آصف زرداری کو بلاول ہاؤس کلفٹن کراچی کے ایڈریس پر بھجوائے گئے سمن میں کہا گیا تھا کہ وہ اپنے اوپر عائد الزامات کا جواب دینے کے لیے 8 اپریل کی صبح 9 بجے عدالت میں پیش ہوں۔