سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت آج ہوگی، احتساب عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت 24 ملزمان کو طلب کر رکھا ہے۔
کراچی کی بینکنگ کورٹ سے اسلام آباد منتقل ہونے والے جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد ارشدملک کریں گے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے احاطہ عدالت کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے رینجرز اہلکار تعینات کرنے کے لیے چیف کمشنر کو خط بھجوا رکھا ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے رینجرز کی تعیناتی کے لیے چیف کمشنر کو خط میں لکھا ہے کہ آصف زرداری کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے پیش نظر رینجرز کے 200 اہلکار تعینات کیے جائیں۔
سماعت کے لیے عدالت نے آصف زرداری سمیت تمام ملزمان کو طلبی کے سمن جاری کر رکھے ہیں، طلب کیے جانے والے ملزمان میں سابق صدر آصف علی زرداری،فریال تالپور ، حسین لوائی، طحہ رضا، انور مجید، عبدالغنی مجید، زین ملک ، نمر مجید، علی کمال مجید ، مصطفی ذوالقرنین ، عدیل شاہ، محمد قاسم ، محمد اشرف، اقبال خان نوری ، داؤد، شیر محمد، شہزاد علی ، کرن امین ، نورین سلطان، محمد ناصر شیخ ، کرسٹوفر ڈی کروز، غضنفر احسن ، راحیل مبین اور اسلم مسعود شامل ہیں۔
آصف زرداری کو بلاول ہاؤس کلفٹن کراچی کے ایڈریس پر بھجوائے گئے سمن میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اوپر عائد الزامات کا جواب دینے کے لیے 8 اپریل کی صبح 9 بجے عدالت میں پیش ہوں۔