راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجا ب کی فوارہ چوک پناہ گاہ میں موجودگی کے دوران رابی سنٹرکے دکانداروں کے احتجاجاًمری روڈپرجمع ہونے کی اطلاع پر ضلعی انتظامیہ اورپولیس افسروں کی دوڑیں لگ گئیں ۔ ذرائع کے مطابق مری روڈپرواقع رابی شاپنگ سنٹرمیں ایک دکاندارسے خاتون خریدارکی تلخ کلامی ہوئی،جس کی شکایت پرتھانہ نیوٹاؤن کے موبائل افسرکو بھیجاگیا، جب معاملہ حل نہ ہواتوتھانہ نیوٹاؤن کے ڈیوٹی افسر،سب انسپکٹرکوموقع پربھیجاگیااوراس دوران فریقین میں صلح نہ ہونے پرانہیں منگل کودن 2بجے تھانے بلایاگیاجسکے خلاف دکان داراحتجاج کیلئے مری روڈپرجمع ہوگئے ۔کچھ دیر بعداسی روڈسے وزیراعلیٰ نے گزر کر نور خان ائربیس جانا تھااس اطلاع پرضلعی انتظامیہ اور راولپنڈی پولیس کے سینئرافسروں میں کھلبلی مچ گئی۔ایس ایچ اوتھانہ نیوٹاؤن اورایس ڈی پی اونیوٹاؤن سرکل کوموقع پر بھیجا گیا تاکہ وہ دکانداروں کواحتجاج سے رو ک سکیں اوراسی دوران سی پی اونے تھانہ نیوٹاؤن کے ڈیوٹی افسرکومعطل بھی کر د یا ۔ جس کے بعد دکاندا ر منتشر ہوگئے اورکچھ دیربعدوزیراعلیٰ کا قافلہ اس جگہ سے بغیرکسی رکاوٹ کے گزرگیاجس پر راولپنڈی پولیس اورانتظامیہ کے افسروں نے سکھ کاسانس لیا۔