• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز اور حمزہ پر فرد جرم عائد

لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کر دی۔

لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ و رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے فرد جرم عائد ہونے پر صحتِ جرم سے انکار کر دیا۔

دورانِ سماعت نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں کہا کہ یہ اختیارات سے تجاوز کا کیس ہے، رمضان شوگر ملز کیس میں مل کے لیے سرکاری خزانے سے نالہ بنایا گیا۔

میاں شہباز شریف نے عدالت میں کہا کہ میں نے 10 سال میں حکومت کے کئی سو ارب روپے بچائے ہیں ۔

عدالت نے کہا کہ یہ قانونی اور پروسیجرل چیزیں ہیں جو قانون کے مطابق ہونی ہیں، آپ کو سب کچھ کہنے اور سنانے کا موقع دیا جائے گا۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کچھ کہنے کی کوشش کی تو عدالت نے انہیں کہنے سے روک دیا۔

شہباز شریف نے پوچھا کہ کیا میں نے نالے کے لیے سرکاری خزانہ استعمال کرنا تھا؟

عدالت نے کہاکہ ابھی آپ پر یہ الزام ہے، جسے ثابت ہونا باقی ہے۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج نے غلط خبر پر اظہار برہمی بھی کیا۔

عدالت نے حمزہ شہباز کی گرفتاری اور گھر پر چھاپے میں پولیس معاونت فراہم کرنے کی نیب کی درخواست مسترد کردی تھی۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر مقدمے کی سماعت کے دوران معزز جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت سے منسوب کر کے غلط خبر چلائی گئی کہ درخواست منظور کرلی گئی ہے۔

تازہ ترین