کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی جونیئر والی بال رواں سال جولائی میں تائیوان میں ہونے والی ایشین جونیئر والی بال چیمپئن شپ میں حصہ لے گی۔ پاکستان والی بال فیڈریشن کے سیکریٹری شاہد کمال نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس مقابلے کے لئے قومی کھلاڑیوں کے اوپن ٹرائلزہفتے سے پشاور اور لاہورمیں شروع ہونگے جس کے بعد 16مارچ سے پشاور میں منتخب کھلاڑیوں کا چار ماہ کا تر بیتی کیمپ لگا یا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کیمپ میں سندھ اور بلوچستان سے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ چار ماہ کے کیمپ میں وہ کیمپ کمانڈ نٹ ہونگے کوچنگ اسٹاف میں مظہر حسین، خالد وقار اور اظہر محمود شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپریل میں قومی جونیئر والی بال چیمپئن شپ کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ منتخب ٹیم ایشین جونیئر والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی جو کہ 7 سے 17 جولائی تک تائیوان میں کھیلی جائے گی۔