• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی لانڈرنگ کیس راولپنڈی منتقل کرنے کے فیصلے میں کوئی الجھن نہیں، تفصیلی فیصلہ جاری

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس راولپنڈی نیب عدالت منتقل کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق میگا منی لانڈرنگ کیس راولپنڈی نیب عدالت منتقل کرنے سے متعلق سندھ ہائی کورٹ نے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ تفصیلی فیصلہ 6صفحات پر مشتمل ہے۔ تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ منی لانڈرنگ کیس راولپنڈی منتقل کرنے کے فیصلے میں کوئی الجھن نہیں۔ سپریم کورٹ کا واضح حکم تھا کہ منی لانڈرنگ سے جڑے مقدمات اسلام آباد منتقل ہوں گے۔ فیصلے کے مطابق آئندہ آنے والے مقدمات بھی اسلام آباد ہی بھی چلیں گے۔ آصف زرداری و دیگر ملزمان کے وکلا عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔ آصف زرداری و دیگر کی اپیلیں مسترد کی جاتی ہیں۔ بینکنگ کورٹ فیصلے کو سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور، انور مجید و دیگر نے چیلنج کیا تھا۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی اعلی قیادت کی سندھ ہائی کورٹ فیصلے پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کا فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کریں گے۔ آصف علی زرداری، فریال تالپور کی جانب سے فاروق ایچ نائیک اپیلیں دائر کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ اپیلوں میں کہا جائیگا کہ بینکنگ کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ فیصلے میں خامیاں موجود ہیں۔ بینکنگ کورٹ، سندھ ہائی کورٹ فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
تازہ ترین