کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹاپ سیڈ حذیفہ نے اے ٹی ایف پاکستان 14 انڈر ٹینس چیمپئن شپ جیت لی۔ گرلز ایونٹ میں دبئی سے تعلق رکھنے والی پاکستانی کھلاڑی زوحا عاصم نے کراچی کی ردا خان کو سخت مقابلے کے بعد شکست دیکر گرلز چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ چیمپئن شپ کے فائنلز کے مہمان پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سربراہ سلیم سیف اللہ خان تھے۔ اس موقع پر فیڈریشن کے سیکریٹری محمد خالد رحمانی، میجر راشد خان، قومی کوچز محبوب خان، حمید الحق اور انعام الحق اور دیگر بھی موجود تھے۔اسلام آباد میں سخت بارش کے باعث فائنل ناصر جعفر انڈورز اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ بوائز سنگلز کے فائنل میں حذیفہ عبدالرحمان نے دلچسپ مقابلے کے بعد حمزہ بن ریحان کو 7-6,(6) 6-2سے شکست دے دی جبکہ گرلز ایونٹ کے فائنل میں زوحا عاصم نے ردا خان کو ایک طویل مقابلے کے بعد تین سیٹ میں 7-5، 1-6 اور 6-4 سے زیر کیا۔ چیمپئن شپ میں شرکت کے بعد حذیفہ عبدالرحما ن ایشین ڈویژن ون ایشیا سرکٹ میں حصہ لینے کیلئے ہفتے کو ویتنام روانہ ہوں گے۔ چیمپئن شپ کا آغاز اتوار سے ہوگا۔