فریج بھی گھر کے فرد کی طرح ہوتا ہے، اس کا بھی ایسے ہی خیال رکھنا چاہئے جیسے ہم گھر کے افراد کا رکھتے ہیں۔ یہ بیمار تو نہیں ہوتا لیکن اسے بھی صفائی کی ضرورت ہوتی ہے ، جو ہر مہینے کی جائے تو بہتر ہے، ورنہ ہر دو ماہ بعد لازمی کرنی چاہیے۔ گھر کے ہر فرد کا فریج سے روزانہ کئی بار واسطہ پڑتا ہے۔ اسی لیے گھریلو استعمال کی اس اہم ترین چیز کے لیے مناسب صفائی اور دیکھ بھال کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔
فریج کی صفائی کیسے کی جائے ؟
فریج کی صفائی کیلئے سب سے پہلے تواس کا مین سوئچ بند کرنا نہ بھولیں اور پھر اس کے دروازے مکمل کھول دیں۔ فریج کی صفائی کا کام 30تا45منٹ میں مکمل کرلینا چاہیے تاکہ ضروری اشیا کی اثر پذیری برقرار رکھتے ہوئے انہیں دوبارہ فریج میں رکھا جاسکے۔ باہر نکالی گئی چیزوں کو چھانٹ لیں، جو آپ کے استعمال میں نہ ہوں، انہیں باہر ہی رکھ دیں۔ فریج میں رکھنے والی چیزوں کو اچھی طرح صاف کر لیں۔ فریج کے شیلف احتیاط سے نکالیں اور انہیں سوڈا ملے محلول سے اچھی طرح دھو لیں۔ اپنے ہاتھوں میں پلاسٹک کے دستانے پہن کر کپڑے کی مدد فریج کے اندرکی صفائی کریں۔ اگر شیلف پر دھبے موجود ہیں تو انہیں صاف کرنے کیلئے گرم پانی استعمال نہ کریں اور نہ ہی انہیں کھر چیں۔ شیلف، ریکس اور درازوں کو اچھی طرح دھونے کے بعد دھوپ میں خشک کرلیں۔ جب یہ اچھی طرح خشک ہوجائیں تو انہیں واپس فریج میں لگادیں۔ فریج کے اندر کی صفائی صابن یا کسی کیمیائی مادے سے ہر گز نہ کریں کیونکہ جب آپ اس میں پھل رکھیں گی تویہ پھل ان کیمیائی مادوں اور صابن کی بُو کو اپنے اندر جذب کر لیں گے۔ فریج کی صفائی کیلئے گھریلو نسخہ استعمال کریں، مثلاً 2بڑے چمچ بیکنگ سوڈا لے کر ایک تہائی نیم گرم پانی میں ملا لیں یا تین حصہ نیم گرم پانی میں ایک حصہ سیب کا سرکہ ملا لیں۔ فریج کے دروازے کے باہری اور اندرونی حصے کی صفائی لازمی کریں کیونکہ اسی کو سب سے زیادہ چُھوا جاتاہے، جس کے سبب یہ جگہ جراثیم کی آماجگاہ بن جاتی ہے۔ دروازے میں ایک ربڑ کی پٹی لگی ہوتی ہے، جو آسانی سے نکالی جاسکتی ہے۔ اس پٹی کو نکال کر اس کی صفائی کریں۔ جب یہ پٹی سیاہ ہوجائے تو سمجھ لیں کہ یہ کیڑوں اور جراثیم کا مسکن بن چکی ہے، ایسے میں اس کی صفائی ناگزیر ہوجاتی ہے۔ اگر اس پٹی کی صفائی نہ کی جائے تو پھر اندر رکھی گئی اشیا کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ فریج سے نکالی گئی اشیا جو باہر رکھے خشک ہوجاتی ہیں، انہیں صاف کپڑے سے خشک کر لیں اور ریکس کی صفائی کے بعد واپس فریج میں رکھ دیں۔
فریج کو منظم رکھنے کے مشورے
٭فریج میں برف کی ٹرے عموماً زیادہ برف بننے کی وجہ سے منجمد ہوکر چپک جاتی ہے اور اسے نکالنا مشکل ہوجاتا ہے۔ اس تکلیف دہ مسئلے سے بچنے کے لیے آپ ٹرے کے نیچے مومی کاغذ رکھ دیں، اس طرح یہ چپکے گی نہیں ۔
٭فریج کی چمک دمک برقرار رکھنے کے لیے تھوڑے سے پانی میں امونیا کے چند قطرے ملا کر اسے صاف کریں ۔
٭سموسے یا پیٹیز اس طرح فریزر میں رکھیں کہ وہ آپس میں نہ جڑیں۔ جب وہ سخت ہو جائیں تو انہیں کسی کاغذ میں لپیٹ کردوبارہ فریزر میں رکھ دیں، اس طرح وہ آپس میں نہیں جڑیں گے۔ یہی کام آپ گوشت یا دیگر آئٹم کے ساتھ بھی کرسکتی ہیں۔
٭فریج میں اگر پھپھوندی وغیرہ لگ جائے تو اس کو صاف کرنے کے لیے سفید سرکہ اور میٹھا سوڈا ملا کر صاف کریں۔
٭اگر آپ کچھ دنوں کیلئے گھر سے باہر جارہی ہوں اور فریج، فریزر بند کرنا مقصود ہو تو پہلے فریج یا فریزر کو سفید سرکہ اور واشنگ پاؤڈر ملا کر صاف کریں۔ پھر درمیان میں ایک پیالی میں میٹھا سوڈا بھر کر رکھ دیں اور اخبار کے گولے بنا کر فریج یا فریزر میں بھر دیں۔ آپ کئی دن بعد بھی کھولیں گی تو ذرا سی بھی بُو نہیں آئے گی۔
٭فریزر صاف کرنے کے بعد اگر برش کے ذریعے چاروں طرف گلیسرین لگا دیا جائے تو اسے دوبارہ صاف کرنے میں آسانی ہوگی۔
٭کبھی بھی سبزیوں اور پھلوں کو ایک ساتھ مت رکھیں۔ ٹھنڈا ہونے کے بعد سبزیوں سے ایسی گیس خارج ہوتی ہے، جو پھلوں کو خراب کر تی ہے۔ انہیں ہمیشہ الگ الگ رکھیں۔
٭اگر فریج میں گوشت موجود ہے تو اسے اچھی طرح دھونے کے بعد پلاسٹک کی تھیلی میں لپیٹ کر رکھیں۔ گیلی تھیلی مت رکھیں کیونکہ اس سے ٹپکتا پانی گوشت کی بدبو پیدا کر سکتا ہے۔
٭فریج کو ضرورت سے زیادہ مت بھریں۔ عموماً زیادہ چیزیں رکھنے کی وجہ سے کئی اشیا پیچھے ہوجاتی ہیں، جس کے باعث انہیں استعمال کرنا یاد نہیں رہتا اور کچھ عرصہ بعد وہ خراب ہوجاتی ہیں۔
٭فریج میں رکھے جانے والے برتنوں کو ڈھانپ کر رکھیں تاکہ اس میں موجود چیزیں فریج میں نہ گریں۔