کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سابق چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہاہے کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت مزاحمتی سیاست کو ختم کیا جارہا ہے ،پارلیمانی نظام خطرے میں ہے آج پھر صدارتی نظام کی باتیں کی جارہی ہیں،پیپلزپارٹی پارلیمانی نظام سے چھیڑ چھاڑ کی اجازت نہیں دے گی، سب محب وطن ہیں،کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے،عاصمہ جہانگیر نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی کیلیے جدوجہد کی وہ آمریت کے خلاف جمہوری جدوجہد کی علامت تھیں۔وہ اسکائوٹ آڈیٹوریم میں ایچ آر سی پی کی سابق سربراہ عاصمہ جہانگیر کی زندگی پر بنائی گئی ڈاکومنٹری کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما تاج حیدر،مسلم لیگ(ن) کے رہنما سلیم ضیا،ایڈووکیٹ یاسین آزاد نے بھی خطاب کیا۔ رضا ربانی نے کہا کہ مزاحمتی کلچر کو بھی ضیاءالحق دور میں ختم کیا گیا، صوبائی خود مختاری دینے والی اٹھارویں ترمیم کو رول بیک کیا جارہا ہے عوامی رد عمل وفاق کے لیے خطرناک ہوگا مشرقی پاکستان کے لوگوں نے کہا کہ بنگالی زبان کو اردو کی طرح قومی زبان کو درجہ دیں ان کا مطالبہ نہ ماننے پر ملک دو لخت ہوگیا، مسنگ پرسنز کی مائیں تڑپ رہی ہیں اورکوئی ان کی آہ وبکا پرکان دھرنے والا نہیں ہے،آئین کو تحفظ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے اگر آئین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی تو قوم سراپا احتجاج ہوگی صوبائی خود مختاری کے لیے عاصمہ جہانگیرنے بے مثال جدوجھد کی۔پیپلزپارٹی کے رہنما تاج حیدر نے کہاکہ عاصمہ جہانگیر نے ظلم کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی،ظلم کا نظام آخری ہچکیاں لے رہا ہے ظالم پیچھے ہٹ رہے ہیں ۔