• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ ایمنسٹی اسکیم سے پاکستانیوں نے 10 ارب ڈالر کالا دھن سفید کیا، رقم پاکستان نہیں بھیجی، وزیر مملکت ریونیو

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر نے انکشاف کیا کہ گزشتہ دور حکومت میں دی گئی ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے بیرون ملک پاکستانیوں نے 10ارب ڈالر کالے دھن کو سفید کیا لیکن یہ رقم پاکستان نہیں بھیجی لیکن اب جو ٹیکس ایمنسٹی سکیم ہو گی و ہ ا یسی نہیں ہوگی اگر پیسہ واپس نہیں آئے گا تو سفید نہیں ہوگا، رواں ہفتے اسکیم کوفائنل کرلیں گے،قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی فیض اللہ کی زیر صدارت ہو ا،حماد اظہر نے کہا کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم صرف ریونیو اقدامات کے لیے نہیں بلکہ ٹیکس بیس میں اضافے کے لیے ہے ، ٹیکس اتھارٹی کسی کو تنگ کرنا یا ہراساں کرنا نہیں چاہتی اس لیے ایک موقع دے رہے ہیں اس کے بعد حکومت ٹیکس نادہندگان کے پیچھے جائے گی ، انہوں نے کہا یہ آخری ایمنسٹی سکیم ہوگی ، ٹیکس ایمنسٹی سکیم آج منگل کو کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائیگی اسلام آباد میں چھوٹے دکانداروں کے لیے فلیٹ ٹیکس سکیم لارہےہیں ، بے نامی اثاثوںاور اکائونٹس والوں کو روزانہ کی بنیاد پر نوٹس بھیج رہے ہیں ، کمیٹی چیئرمین نےفیصلہ کیا کہ بے نامی اکائونٹس سے متعلق الگ سے کمیٹی کا اجلاس بلایا جائیگا جبکہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس پر ذیلی کمیٹی تشکیل دی جائیگی اور ان کیمرہ اجلاس ہوگا، حماد اظہر نے کمیٹی بتایا کہ آئندہ مالی سال بجٹ میں ٹیرف پالیسی کے مطابق برآمدی خام مال اور ان پٹ پر ٹیکسوں میں بتدریج کمی اور پرتعیش اشیاء پر ٹیکس کو بڑھایاجائیگا، حماد اظہر نے کہا کہ آئی ایم ایف نومبر سےبہتر شرائط پر قرضہ کے لیےمان گیاہے ، جائیداد کےریٹ سے متعلق انہوں نے کہا کہ یکم جولائی سے مارکیٹ کے نرخ کے قریب ترین لائیں گے ، رئیل سٹیٹ کے سٹیک ہولڈرز نے کہا کہ جائیداد پر صوبوں اور وفاق کے الگ الگ ٹیکس کو ختم کیا جائے ۔

تازہ ترین