پاکستان والی بال فیڈریشن اپنی مدد آپ کے تحت قومی والی بال چیمپئن شپ کے لئے اسپانسر شپ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی، ملک کے موجودہ معاشی حالات میں والی بال فیڈریشن کے حکام قابل ستائش ہیں کہ وہ اپنی مالی مشکلات کو کم کرنے میں کامیاب رہے، قومی والی بال مقابلے ان دنوں لاہور میں جاری ہیں جس میں ملک کی معروف ٹیمیں ایکشن میں ہیں، پاکستان واپڈا اپنے اعزاز کا دفاع کررہی ہے،لاہور میں اسپانسر شپ معاہدے کی تقریب میں فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری یعقوب ،سیکرٹری انجینئر شاہ نعیم ظفر، سپانسر ادارہ کے ہیڈ آف مارکیٹنگ شرجیل حسن، ٹرانس میڈیا کے راو عمر ہاشم، صدر پنجاب والی بال ایسوسی ایشن سہیل حبیب تاجک و دیگر آفیشلز نے بھی شرکت کی، اس موقع پر چوہدری یعقوب نے کہا کہ پاکستان میں والی بال کا بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے یہی وجہ ہے کہ ہمارے کھلاڑی غیر ملکی لیگز میں بھی جا کر پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ایشین گیمز اور ایشین چیمپیئن شپ میں شریک کھلاڑیوں کی کارکردگی پر غیر ملکی لیگز میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔ سپانسر اداروں کے ساتھ ملکر نیشنل ان ڈور اور بیچ والی بال کے مقابلے کرائے جائیں گے جس سے کھیل اور کھلاڑی دونوں کو ترقی ملے گی۔ چوہدری یعقوب کا کہنا تھا کہ ہم نے ویمن والی بال کو بھی ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے جلد اس سلسلہ میں ویمن والی بال کے مقابلوں کا بھی شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر ا سپانسر ادارہ این ڈیور کے ہیڈ آف مارکیٹنگ شرجیل حسن نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ اپنے ادارے کے ذریعے کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں٭ چینگ مے تھائی لینڈمیں ہونے والے یونیورسٹی اور ہائر ایجوکیشن کے طلبا کے جوجسٹوورلڈ کپ میں پاکستان کے کھلاڑیوںفاطمہ عرفان نے 57کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میدل جبکہ دلاور خان ، محمد علی رشیدڈیوکلاسک مینز کیٹیگری میں سلور میڈل اوردلاور خان سنان اور فاطمہ عرفان نے ڈیوکلاسک مکس کیٹیگری میں سلور میڈل اس کے علاوہ تیسرا سلور میڈل دلاور خان نے 77کلوگرام کیٹگری میں حاصل کیا ، ایسوسی ایشن سیکریٹری طارق علی نے کھلاڑیوں کو جو ٹریننگ دی تھی اس کا مثبت نتیجہ سامنے آیا٭پاکستان آرمی نے اسلام آباد میں کھیلی جانے والی انٹر ڈیپارٹمنٹل باسکٹ بال چیمپئین شپ جیت لی فیصلہ کن معرکہ میں فاتح ٹیم نے اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے ائیر فورس کو 50پوائنٹس کے مقابلے میں 87پوائنٹس سے شکست دی۔ سابق چیئرمین ایف بی آر اور پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سر پرست اعلی میاں اقبال فرید نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے،اختتامی تقریب میں پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری خالد بشیر، ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کے سیکرٹری اوج ظہور سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھی۔ پانچ روزہ چیمپین شپ میں سات ڈیپارٹمنٹس کی ٹیموں نے حصہ لیا٭اک بحریہ کا تین روزہ واٹر اسپورٹس گالا شہریوں کو تفریح کے وسیع مواقع فراہم کرنے کے بعد ختم ہوگیا ، اختتامی تقریب کا انعقاد منوڑہ پرکیا گیا۔ مہمان خصوصی کموڈور احمد ندیم بخاری تھے۔ عوام کی بڑی تعدادنے پاک بحریہ کے منعقدہ اسپورٹس گالا میں شرکت کی ، اسپورٹس فیسٹیول لوگوں کی توجہ کا مرکز رہا جس میں قریبی جزیروں کا کشتی سے سفر ، جیٹ سکی رائڈ،والی بال اور ساحل پر پتنگ بازی جیسی تفریح کا انتظام کیا گیا۔اس کے ساتھ ساتھ بچوں کے لیے گھوڑے اور اونٹ کی سواری اور دیگر تفریحی سہولیا ت کا بھی انتظام کیا گیا۔مقامی لوگوں کے کھانے پینے کے اسٹالز نے اس گالا کا مزہ دوبالا کردیا٭قومی کر کٹ ٹیم کے آل رائونڈر فواد عالم کر کٹ سے مایوس ہونے کے بعد اب ڈراموں میں ایکشن میں نظر آئیں گے، ذرائع کےمطابق انہوں نے ایک ٹی وی ڈرامے میں مختصر کردار بھی ادا کیا ہے،معروف کرکٹر فواد عالم نے کرکٹ کے بعد اداکاری میں قسمت آزمائی کا فیصلہ کرلیا ہے، اور اپنی اداکاری سے مداحوں کو محظوظ کریں گے۔انہون نے2009میں آخری ٹیسٹنیوزی لینڈ کے خلاف اور آخری ون ڈے2015میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا، انہوں نے تین ٹیسٹ اور38ون ڈے میچز کھیلے ہیں٭نیپال میں اس سال کے آخرمیں ہونے والے سائوتھ ایشین گیمز کے لئے پاکستانی کھلاڑیوں کا تر بیتی کیمپ تاحال شروع نہ ہوسکا ہے جس پر پچھلے ہفتے پی ایس بی اور پی او اے کے درمیان تنازع پیدا ہوا تاہم صورت حال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جس پر اسلام آباد میں اسکواش ایونٹ کی تقریب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئےپاکستان اولمپک ایسوسی ایشن صدر لیفٹیننٹ جنرل ر سید عارف حسن نے کہا ہے کہ اگرسائوتھ ایشین گیمز کی تیاریوں کیلئے حکومت نے تربیتی کیمپس نہ لگائے تو انٹرنیشنل ایونٹ میں پاکستان کو ناکامی اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، فنڈنگ کے بغیر کھیلوں کانظام نہیں چل سکتا ، اور نہ ہی کوئی کھلاڑی اپنی کارکردگی بہترنہیں بنا سکتا، وزیر اعظم خود بھی اسپورٹس مین ہیں، امید ہے وہ مسائل کا جائزہ لیں، تیاریاں پہلے ہی لیٹ ہو چکی ہے ، کھلاڑیوں کے کیمپس سال بھر جاری رہنے چا ہئےپاکستان کو آئندہ سال سائوتھ ایشین گیمز کی بھی میزبانی کرنی ہے جبکہ ہم نے حکومت کوگارنٹی کیلئے بھی درخواست دی ہے٭سابق ہاکی اولمپئنز نوید عالم نے بین الصوبائی رابطے کی وزارت ، پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے اپیل کی ہے کہ کراچی میں ہونے والی قومی ہاکی چیمپئن شپ سندھ کی حقیقی ایسوسی ایشن کی میزبانی میں کرائی جائے، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سندھ اور کراچی میں متوازی ایسوسی ایشن بنا رکھی ہے جس کی وجہ سے یہ ایونٹ متنازع ہوجائے گا، انہوں نے کہا کہ جب سابق اولمپئنز فیڈریشن کا حصہ تھے انہوں نے اس کھیل کی ترقی کے لئے کام بھی کئے اورجو پلان فیڈریشن کو دئیے اس پر عمل در آمد بھی نہیں کیا گیا، فیڈریشن کے موجودہ عہدے داروں نے پی ایچ ایف کو فرینڈز ،فیملی فائونڈیشن بنادیا ہے جس کی وجہ سے کھیل زوال کا شکار ہے،انہوں نے اعلان کیا کہ سابق اولمپئنز19اپریل کو کراچی میں میڈیا سے بات چیت کریں گے، انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے بعد فائنل رائونڈ ہوگاجس میں اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا بھی شامل ہے٭پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکریٹری شہباز احمد نے کہا ہے کہ سابق ہاکی اولمپئنز کے پاس کوئی پلان نہیں ہے ، وہ محض تنقید کی بنیاد پر سیاست کررہے ہیں، ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ یہ وہ کھلاری ہیں جو ماضی میں خود بھی پی ایچ ایف میں کسی نہ کسی سطح پر حصہ رہے ہیں،ان کے دور میں بھی ہم کوئی بڑا اعزاز نہیں جیت سکے مگر میں پھر بھی ان سے کہوں گا کہ وہ ہمیں کوئی پلان دیں ہم اس پر عمل کریں گے تاکہ پاکستان ہاکی میں بہتری آ سکے، انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود ہم کام کررہے ہیں، فنڈ کی کمی کے باعث اپنی ٹیم کو غیر ملکی دورہ پر نہیں بھیج پارہے ہیں اور نہ ہی کوئی غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آنے کو تیار ہیں ، پاکستانی کھلاڑیوں کو یورپی ٹیموں کے ساتھ نہ کھیلنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔