کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت صوبے میں قومی کھیل ہاکی کے بحران اور تنازع کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔ دل چسپ صورت حال یہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما متوازی ایسوسی ایشنوں میں عہدے دار بھی بنے ہوئے ہیں، صوبے میں سندھ اور کراچی میں دو ایسوسی ایشنز فعال ہیں۔ کراچی میں پی ایچ ایف کی تسلیم شدہ کے ایچ اے کے صدر صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی ہیں جبکہ متوازی ایسوسی ایشن کی چیئر پرسن ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا ہیں۔ اسے صوبائی مشیر کھیل محمد بخش مہر کی صدارت میں کام کرنے والی سندھ اولمپک ایسوسی ایشن تسلیم کرتی ہے ۔ اس؎ پی ٹی آئی کے بعض ارکان سندھ اسمبلی کی بھی حمایت حاصل ہے۔ سندھ ہاکی ایسوسی ایشن (پی ایچ ایف) کے صدر پی پی کے رکن قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ ہیں، جبکہ دوسری کے سربراہ اعجاز الدین اور سکریٹری گلفرازخان ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن بھی سندھ کو مکمل طور پر نظر انداز کئے ہوئے ہیں۔