• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فاطمہ جناح ہاؤسنگ سکیم کے ترقیاتی کام نامکمل، فرم کو بلیک لسٹ کرنے کا فیصلہ

ملتان (سٹاف رپورٹر) ایم ڈی اے نے فاطمہ جناح ہاؤسنگ سکیم کے ترقیاتی کام کرنے والی فرم کو بلیک لسٹ اور سکیورٹی ضبط کرنے کا فیصلہ کر لیا، ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے تنویر اقبال کی سربراہی میں فاطمہ جناح ٹائون کےترقیاتی کاموں اور ریکوری کے بارے میں اجلاس ہوا، ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے تنویر اقبال کو فاطمہ جناح ٹائون فیز ون اور ٹو کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی کہ فیز ون اور ٹو کے 95فیصدترقیاتی کام مکمل ہو چکے ہیں ،ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے ترقیاتی کام مکمل نہ کئے جانے پر برہمی کا اظہار کیا اور فرم نذیر اینڈ کو کو بلیک لسٹ کرنے اور سکیورٹی ضبط کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ،ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ تمام الاٹیز واجبات کلیئرکریں اپنے پلاٹ کا قبضہ لیں ،جو لوگ واجبات کلیئر نہیں کرتے ان کے پلاٹ کینسل کر دئیے جائیں، دریں اثنافاطمہ جناح ہاؤسنگ سکیم میں گرلز ، بوائز کالجز ، پولیس سٹیشن ، میڈیکل ڈسپنسری اور پٹرول پمپ کے تعمیر کے لئے اقدامات شروع کر دیئے، ڈائریکٹر جنرل نے کالجز کیلئے مختص 47کنال پر تعمیر کیلئے ڈائریکٹر کالج کے سےرابطہ کرنے کا حکم دیا ہے،انہوں نے ہدایت کی کہ فاطمہ جناح ٹائون میں پولیس سٹیشن کی تعمیر کیلئے مختص کی گئی 5کنال جگہ پر فوری تعمیر کرنے کیلئے سی پی او ملتان سے رابطہ کریں جبکہ سوئی گیس کے ترقیاتی ورک کو سپیڈ اپ کرنے کیلئے فوکل پرسن تعینات کیا جائے ، انہوں نے جی ایم سوئی گیس سے ملاقات کا شیڈول طے کرنے کی بھی ہدایت دی ،انہوں نے مزید کہا کہ بچوں اور بڑوں کیلئے علیحدہ علیحدہ پارک بنا ئے جائیں۔
تازہ ترین