• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ رشید کی پارلیمانی نظام ہی قائم رکھنے کی خواہش

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید ملک میں پارلیمانی نظام ہی قائم رکھنے کے خواہاں ہیں، کہتے ہیں کہ پاکستان میں پارلیمانی نظام ہے، آئین بہت مشکل سے بنا ہے، اسی آئین کو آگے لے کر چلنا ہے۔

لاہور میں صحافیوں سے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ عمران خان ایماندار انسان ہیں، انہوں نے ایسے وزیر کو نکالا ہے میں جس کے بارے میں تصور بھی نہیں کر سکتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان 5 سال پورے کریں گے، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نون کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ اسد عمر نے خود استعفیٰ دیا، صرف ایک وزیر کو نکالا گیا جس پر طوفان کھڑا کر دیا گیا، میں نے بہت سے وزرائے اعظم کے ساتھ کام کیا ہے، خدا گواہ ہے کہ عمران خان سب سے بہترکام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جب حکومت میں آئے تھے تو خزانہ نام کی کوئی چیز نہیں تھی، اسد عمر نے محنت کی، ان کی تبدیلی کا فیصلہ عمران خان کا اختیار ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ ملک سرحدوں پر حملوں سے نہیں معیشت تباہ ہونے سے ٹوٹتے ہیں، اسد عمر سے بات کروں گا کہ وہ کابینہ کا حصہ رہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سازش ہے کہ پاکستان میں ریلوے ترقی نہ کرے، لوگ نہیں چاہتے تھے کہ ایم ایل ون بنے، سابق وزیروں نے ایک ایک ارب کی مشینیں خریدیں، انہوں نے خیرات مانگ کر ٹریکر خریدے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے یہ بھی کہا کہ ریلوے پاکستان اور سی پیک کی ریڑھ کی ہڈی ہے، وزیر اعظم عمران خان کی موجودگی میں ایم ایل ون پر دستخط ہوں گے، جس کے بعد کراچی اور لاہور کے درمیان سفر 8گھنٹے کا ہو جائے گا۔

تازہ ترین