• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غلط انجکشن سے متاثرہ بچی نشوا انتقال کر گئی

کراچی کے ایک نجی اسپتال میں غلط انجکشن سے متاثرہ 9 ماہ کی بچی نشوا کراچی کے ایک اور اسپتال میں علاج کے دوران انتقال کر گئی۔

نشوا کو کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں واقع نجی اسپتال میں عملے کی جانب سے غلط انجکشن لگایا گیا تھا جس کے بعد بچی کا دماغ 71 فیصد مفلوج ہو گیا تھا جس کے باعث بچی کے جسم کے کچھ حصوں نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔

6 اپریل کو طبیعت خراب ہونے پر نشوا کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

9 ماہ کی ہنستی مسکراتی نشواپیٹ کے درد میں اپنی جڑواں بہن کے ساتھ گلستان جوہر کے نجی اسپتال میں علاج کے لیے آئی تھی، جو صحت مند ہونے کے بعد گھر جانے کے لیے تیار تھی کہ ڈاکٹر نے آخری خوراک دینے کی ہدایت کی جس پر عملے نے اسے غلط انجکشن لگا دیا جس سے نشوا فوری تڑپنے لگی اور زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہو گئی۔

غلط انجکشن سے نشوا کا دماغ مکمل مفلوج ہو نے کے بعد اسے 13 اپریل کو ایک اور نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں بچی کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا، نشوا کے والدین نے گلستان جوہر کے نجی اسپتال کے خلاف شارع فیصل تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی تھی۔

مقدمہ درج ہونے کے بعد معصوم بچی کو غلط انجکشن لگانے کے معاملے پر پولیس نے مذکورہ اسپتال کی نرس سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس نے 2ملزمان ایڈمن انچارج احمر شہزاد اورنرسنگ منیجر عاطف جاوید کے علاوہ اسپتال کی نرس ملزمہ ثوبیہ کو بھی گرفتار کیا ہے، واقعے میں اب بھی 3 ملزمان مفرور ہیں۔

پولیس کی جانب سے اسپتال کے مالک کو تفتیشی افسران کی جانب سے بیان کے لیے ایک اور نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔

تفتیشی انچارج سلیم نے بتایا کہ ملزمہ کو مدعی نے مقدمے میں مرکزی کردار کے طور پر نامزد کیا تھا اور گرفتار ملزم معیز نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ ملزمہ ثوبیہ نے ہی انجکشن بھر کر دیا تھا، جبکہ نشوا کو انجکشن لگانے کی ذمہ داری گرفتار نرس ثوبیہ کی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقدمے کے اندراج کے بعد نرس ثوبیہ کا بیان بھی پولیس نے قلمبند کیا تھا، اب گرفتاری کے بعد اسے وومن پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

گرفتار ملزمان کو آج عدالت میں ریمانڈ کے لیے پیش کیا جائے گا۔

ادھر اسپتال میں دورانِ علاج انتقال کر جانے والی معصوم بچی نشوا کا جسد خاکی اس کے گھر پہنچا دیا گیا ہے جہاں اس کے والدین اور دیگر رشتے دار غم سے نڈھال ہیں۔

تازہ ترین