• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، جوڑیا بازارمیں تاجر کے قتل میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

کراچی کے علاقے جوڑیابازار میں 9اپریل کو تاجرسلیم احمد کے قتل میں ملوث 3 ملزمان کو رینجرز نے گرفتارکرلیا۔

سندھ رینجرز کے ترجمان کے مطابق کراچی کے علاقے جوڑیا بازار( اولڈ سٹی مارکیٹ) میں سلیم کارپوریشن کے مالک سلیم احمد کو نامعلوم موٹرسائیکل سوارنے گولیاں مار کرقتل کیاتھا،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پاکستان رینجرز (سندھ) نے تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے قتل کے محرکات کا جائزہ لیتے ہو ئے تکنیکی ثبوت(Technical Evidence) اور معلومات کی بنیاد پرقتل کے مرکزی ملزم خرم ممتاز، اقبال عرف جرمن اور اس کے بیٹے نوید اقبال کو گرفتارکیا۔

سندھ رینجرز کے ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم خرم ممتازولد محمد احمد ممتاز رہائشی ڈیفنس فیز 7 کراچینے انکشاف کیا کہ وہ سلیم احمد کا داماد ہے ،ذاتی اختلافات اور جائیداد میں وراثت کے معاملے میں رنجش کی وجہ سے ملزم خرم ممتاز نے سلیم احمد کو قتل کرنے کے لیے ملزم اقبال عرف جرمن ولد محمد رہائشی پریڈی اسٹریٹ صدر کراچی کو 10 لاکھ روپے دیئے تھے۔

سندھ رینجرز کے ترجمان کے مطابق ملزم اقبال عرف جرمن نے سلیم احمد کو قتل کرنے کی ذمہ داری اپنے بیٹے ملزم نوید اقبال عرف نونی ولد اقبال رہائشی گُلشنِ اقبال کراچی کو دی جس کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے ۔ملزم نوید اقبال عرف نونی نے مورخہ 9 اپریل 2019 کو سلیم احمد کو جوڑیا بازار کھارا در میں قتل کیا۔

ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے،ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا 9 ایم ایم پسٹل، ملزم کا لباس، 50 ہزار روپے نقدی اوروقوعہ میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بمعہ ہیلمٹ بھی برآمد کی گئی ہے، ٹارگٹ کلر نوید کے انکشافات کے بعد لیاری گینگ وار کے دیگرملزمان اور اسلحے کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔

تازہ ترین